پورے ہزارہ ڈویژن کو سی پیک کی تجارتی گزرگاہ اور صنعتی زون میں بدلا جا رہا ہے، اکبر ایوب مشیر مواصلات وزیراعلی کے پی کے

جمعہ 17 فروری 2017 23:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ ہری پور سمیت پورے ہزارہ کو سی پیک کے تحت عالمی تجارتی گزرگاہ اور صنعتی و معاشی زون میں تبدیل کیا جا رہا ہے جس کی بدولت یہاں غربت اور بے روز گاری نام کو بھی نہیں ملے گی اس مقصد کیلئے روڈ انفراسٹرکچر پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور چینی سرمایہ کاری کے علاوہ صوبائی اے ڈی پی فنڈز میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے وہ ہری پور میں ترقیاتی سکیموں کے معائنے اور علاقہ محلہ شمالی میں شنگل روڈ کے تعمیراتی کام کے افتتاح کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے ۔

وی سی ناظم بابر خان ، یوتھ کونسلر زبیر خان ، تحصیل ممبر رفیق خان ، جنرل کونسلر رزمت خان اور پی ٹی آئی کے مقامی رہنما عمائدین بھی ان کے ہمراہ تھے اس موقع پر علاقہ مشران نے محلہ شمالی کیلئے سڑک کے تیس سالہ دیرینہ مطالبے کی منظوری و تعمیر پر اکبر ایوب خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ اڑھائی سو گھروں پر مشتمل ہزاروں نفوس کی اس گنجان آبادی والی بستی کسی سڑک سے منسلک نہ ہونے کے سبب لوگ کھائیوں اور گھاٹیوں سے گزر کر گھروں کو پہنچتے اور گاڑیوں آبادی تک پہنچنا بھی محال تھا کئی وزراء اور ارکان اسمبلی یہاں سڑک تعمیر کرنے کے وعدے کر کے بھول جاتے مگر اب شنگل روڈ کی تعمیر سے علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اکبر ایوب خان نے کہا کہ پندرہ فٹ چوڑی اور آدھ کلومیٹر لمبی یہ سڑک ملحقہ نورتی پہاڑی کو کاٹ کر بنائی جا رہی ہے جس کیلئے درکار 40لاکھ روپے ان کے ایم پی اے کے فنڈ سے مہیا کئے جائیں گے جبکہ اگلے مرحلے میں اسے پختہ کرنے کیلئے نئے مالی سال کی اے ڈی پی سکیم میں شامل کیا جا رہا ہے جس کی بدولت محلہ شمالی کے محصور رہائشیوں کا یو سی ریحانہ کی مین سڑک کے ذریعے تمام بازاروں اور شاہراہوں سے رابطہ ہو جائے گا اور وہ ذاتی گاڑیوں میں گھروں کو پہنچ سکیں گے اکبر ایوب خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ اتحادی حکومت نے پی کے۔

(جاری ہے)

50 میں تاریخ کے سب سے زیادہ ترقیاتی کام کئے جس کی بدولت یہاں پسماندگی کا خاتمہ ہو جائے گا انہوں نے کہا کہ حلقے میں اب کوئی کچی سڑک دیکھنے کو نہیں ملے گی جبکہ یہاں کے تمام ساڑھے تین سو دیہات کے گلی کوچوں کو پختہ کرنے کے علاوہ لنک روڈز کے ذریعے مین شاہراہوں سے جوڑ دیا گیا ہے مشیر مواصلات نے کہا کہ ہری پور کے شہری اور دیہی علاقوں میں تعلیم اور طبی مراکز میں عملے کی حاضری اور سہولیات کی بہتری کی گواہی خود اہل علاقہ دینے لگے ہیں جبکہ آبنوشی اور حفظان صحت سمیت دیگر شہری سہولیات پر بھی پوری توجہ دی جا رہی ہے انہوں نے علاقے میں کئی زعماء کے گھروں پر جا کر ان کی عیادت بھی کی۔

متعلقہ عنوان :