خیبرپختونخوا اور قبائلی علاقوں میں سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف کاروائیاں تیز کردیں

مختلف کاروائیوں میں36 دہشت گرد مارے گئے، آپریشن کے دوران خود کش جیکٹس اور اسلحہ برآمد

جمعہ 17 فروری 2017 23:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) خیبرپختونخوا اور قبائلی علاقوں میں سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف کاروائیاں تیز کردی۔ مختلف کاروائیوں میں چھتیس دہشت گرد مارے گئے۔ پشاور کے مضافاتی علاقے میں سیکورٹی فورسز اور پولیس کے ٹارگیٹڈ سرچ آپریشن میں تین دہشت گرد مارے گئے۔ پولیس کے مطابق ریگی کے علاقے میں ایک کار کو رکنے کا اشارہ کیا گیا جس پر گاڑی میں سوار افراد نے فرار کی کوشش کی۔

سیکورٹی فورسز کی فائرنگ سے تین مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ خیبرایجنسی کے علاقہ لوئے شلمان میں غاخی چیک پوسٹ سے سیکورٹی فورسز نے شدت پسندوںکے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا،گولہ سے گیارہ شدت پسند ہلاک ہو گئے۔ شدت پسندوں کی لاشیں غاخی چیک پوسٹ منتقل کردی گئیں۔

(جاری ہے)

سیکورٹی فورسز ذرائع کے مطابق بنوں میں تھانہ بکاخیل کی حدود کینال مروت کے قریب سیکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپ ہوئی۔

فائرنگ کے نتیجے میں چار شدت پسند ہلاک ہوگئے ہیں۔ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ اورکزئی ایجنسی اورہنگوکے سرحدی علاقے غلو چینہ میں سیکورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ سیکورٹی فورسز نے پسپا کردیا۔ جوابی کاروائی میں چھ شدت پسند ہلاک ہوگئے۔ سیکورٹی فورسز ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کا تعلق بین الاقوامی کالعدم تنظیم سے تھا اور انکے قبضے سے خودکش جیکٹس ، بارودی مواد اور اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

۔لوئراورکزئی ایجنسی کے علاقہ ممازو میں سیکورٹی فورسز ممازو کے علاقے میں سرچ آپریشن کیا جس کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں کلعدم تنظیم کے چار دہشت گردمارے گئے۔ آپریشن کے دوران خود کش جیکٹس اور اسلحہ بھی برآمد ہوا۔لوئر کرم ایجنسی کے علاقے شبک میں سیکیورٹی فورسز نے فائرنگ کرکے دو دہشت گرددوں کو ہلاک کردیا۔

دہشت گرد سڑک کنارے بم نصب کر رہے تھے۔دونوں دہشت گردوں کی لاشیں چھپری چیک پوسٹ پر پولیٹیکل انتظامیہ کے حوالے کردی گئی ہے۔ہنگو علاقے تورہ واڑئی میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ میں دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ ڈی آئی خان کے علاقہ درابن روڈ پر سیکیورٹی فورسز نے کاروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو مار ڈالا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا گزشتہ شب پولیس وین پر حملے میں ملوث ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ دیربالا میں پاک افغان بارڈر کے قریب شنگاڑہ درہ میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں دو شدت پسند ہلاک ہو گئے۔