وفاقی وزیر داخلہ بم دھماکوں پر مستعفٰی ہوجائیں، نصرت واحد

جمعہ 17 فروری 2017 23:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 فروری2017ء)تحریک انصاف سندھ کی فنانس سیکریٹری سینئر رہنما نصرت واحد نے سیہون شریف سمیت ملک کے مختلف مقامات پر بم دھماکوں اور خود کش حملوں میں جج، پولیس افسران و اہلکاروں ، میڈیا کے نمائندوں اور سینکڑوں عام شہریوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار سے مستعفٰی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ ملک بھر میں 5 دنوں میں 8 دھماکے ، 100 افراد شہید اور 300 سے زائد ذخمی لمحہ فکریہ ہیں۔ پولیس اور سیکورٹی ادارے اپنے فرائض کی انجام دہی میں ناکام ہوگئے ہیں۔ سیہون شریف میں چیکنگ اور واک تھرو گیٹ کے نظام کو فعال نہیں بنایا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس چیکنگ کے نام پر موٹرسائیکل سواروں کو کاغذات اور لائسنس پر تنگ کرکے رشوت وصولی میں مصروف ہے جبکہ دہشتگرد اپنی مزموم کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ نصرت واحد نے سابق آرمی چیف راحیل شریف کے ملک میں سیکورٹی اور امن و امان کیلئے اقدامات پر کہا کہ راحیل شریف ملک کے حالات بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت آپریشن کے ذریعے دہشتگردوں کی کمر توڑ دی گئی تھی۔ اب دوبارہ ملک دشمن عناصر منتظم ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ ملک میں حالات اور معمولاتِ زندگی بہتر ہوسکیں۔