چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور کا جیل چورنگی سے متصل سڑک کی استرکاری اور دیگر ترقیاتی کاموں کا تفصیلی معائنہ

جمعہ 17 فروری 2017 23:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 فروری2017ء) چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے کہا کہ عوام کو بہترین بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیابی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اقدامات یقینی بنانے کیلئے عمل پیرا ہیں ، صفائی و ستھرائی کے نظام میں بہتری کے بعد اب انفراسٹرکچرکی طرف توجہ مبذول کرتے ہوئے سڑکوں کی استرکاری بالخصوص ایسی سڑکیں جوکہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھیں انکی استرکاری کی جارہی ہے تاکہ شہر کراچی بالخصوص ضلع شرقی میں انفراسٹرکچر کا بنیادی ڈھانچہ مضبوط ہوسکے اور عوام کو سہولیات میسر آسکیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسی این بی اینڈ آر توقیر عباس، یوسی 19کے چیئرمین محمد شاہد و وائس چیئرمین مشتاق علی اور علاقہ مکینوں کے ہمراہ جیل چورنگی سے متصل سڑک کی استرکاری اور پی آئی بی کالونی کی اندرونی گلیوں کی استرکاری کے کاموں کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق استرکاری کا کام تقریباً 50 ہزار اسکوائر فٹ پر تیزی سے جاری ہے جسے جلد ہی مکمل کرلیا جائیگا ، واضح رہے کہ سینٹرل جیل کے سامنے والی یہ سڑک خستہ حالت کے باعث گاڑیوں اور پیدل چلنے والوں کیلئے دشواری کا باعث بن رہی تھی جس کا چیئرمین نے فوری نوٹس لیتے ہوئے اپنی زیر نگرانی ترقیاتی کام کا آغاز کرایا،اس کے علاوہ یوسی 19 و دیگر یوسیز میں پارک و کھیلوں کے میدانوں کی از سر نو تعمیر، تزین و آرائش، اسٹریٹ لائیٹس کی تنصیب و درستگی ، کرب بلاک کی تنصیب اور بلاک پینٹنگ، پول کلرنگ و دیگرامور بھی آخری مراحل میں ہیں اور جلد ہی تمام کام مکمل ہوجائیں گے ، اس موقع پر چیئرمین معید انور نے متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام ترقیاتی و دیگر امور وقت مقررہ سے قبل یقینی بنانے کی کوشش کی جائے اور عوامی نمائندوں بالخصوص یوسی چیئرمین و وائس چیئرمین کے ساتھ مکمل کو آرڈینیشن کرکے امور انجام دیئے جائیں، تاکہ عوام کو موجودہ ترقیاتی منصوبوں کے سبب دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ، اس موقع پر ایکسی این بی اینڈ آر توقیر عباس نے چیئرمین معید انور کو منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ، علاوہ ازیں چیئرمین معید انور نے دکانداروں اور علاقہ مکینوں سے بھی ملاقات کی اور ماحولیاتی آگاہی اور صفائی و ستھرائی کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اطراف میں صفائی کا خیال رکھیں اور شجرکاری کے حوالے سے نئے پودوں کی شجر کاری کریں۔

متعلقہ عنوان :