لاہور دھماکہ میں ملوث دہشتگردوں کا نیٹ ورک پکڑا گیا ہے ،شہیدوں کے لہو کے ایک ایک قطرے کا قرض چکائیں گے ‘ پنجاب میں دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے محکمہ انسداد دہشت گردی ‘ آئی بی اور پولیس کا کردار لائق تحسین ہے ‘ آخری دہشتگرد کے خاتمہ تک جنگ جاری رہے گی‘ لاہور سانحہ کے بعد ایک سیاسی جماعت کے سربراہ نے اپنی دکان چمکانے کیلئے المناک سانحہ پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی جس سے دلی دکھ ہوا ‘کے پی کے میں خودکش دھماکہ کا مجھے اتنا ہی رنج ہوا جتنا سانحہ لاہور پر ہوا تھا‘ دہشتگردی کو قومی سانحہ سمجھا جائے اور ایسے واقعات پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ سے باز رہا جائے‘ لاہور دھماکے کا سہولت کار انوار الحق گرفتار کرلیا گیا ،اس نے اعتراف جرم بھی کر لیا ہے ‘ خودکش بمبار کا نام نصر اللہ تعلق افغانستان کے صوبے کنڑ سے تھا جبکہ سہولت کار انوار الحق باجوڑ کا رہائشی اور لاہور میں 2010ء سے رہائش پذیر ہے‘ دہشتگرد حملے کی منصوبہ بندی اور تیاری افغانستان میں کی گئی ‘ حملہ میں دہشتگرد تنظیم جماعت الاحرار ملوث ہے

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب

جمعہ 17 فروری 2017 23:23

لاہور دھماکہ میں ملوث دہشتگردوں کا نیٹ ورک پکڑا گیا ہے ،شہیدوں کے لہو ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 فروری2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ لاہور دھماکہ میں ملوث دہشتگردوں کا نیٹ ورک پکڑا گیا ہے‘ لاہور دھماکے کا سہولت کار انوار الحق گرفتار کرلیا گیا ہے جس نے اعتراف جرم بھی کر لیا ہے ‘ خودکش بمبار کا نام نصر اللہ تعلق افغانستان کے صوبے کنڑ سے تھا جبکہ سہولت کار انوار الحق باجوڑ کا رہائشی اور لاہور میں 2010ء سے رہائش پذیر ہے۔

دہشتگرد حملے کی منصوبہ بندی اور تیاری افغانستان میں کی گئی ‘ حملہ میں دہشتگرد تنظیم جماعت الاحرار ملوث ہے ‘ شہیدوں کے لہو کے ایک ایک قطرے کا قرض چکائیں گے ‘ پنجاب میں دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے محکمہ انسداد دہشت گردی ‘ آئی بی اور پولیس کا کردار لائق تحسین ہے ‘ آخری دہشتگرد کے خاتمہ تک جنگ جاری رہے گی‘ لاہور سانحہ کے بعد ایک سیاسی جماعت کے سربراہ نے اپنی دکان چمکانے کیلئے المناک سانحہ پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی جس سے دلی دکھ ہوا ‘کے پی کے میں خودکش دھماکہ کا مجھے اتنا ہی رنج ہوا جتنا سانحہ لاہور پر ہوا تھا‘ دہشتگردی کو قومی سانحہ سمجھا جائے اور ایسے واقعات پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ سے باز رہا جائے۔

(جاری ہے)

وہ جمعہ کو پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ و زیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ 13 فروری کو لاہور میں ہونے والے بم دھماکے میں ملوث دہشت گردوں کا نیٹ ورک اور سہولت کار گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اس گرفتاری پر محکمہ انسداد دہشت گردی ‘ آئی بی اور پولیس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے تعریف کس مستحق ہیں ‘ انہوں نے کہا کہ لاہور دھماکے میں 14 افراد شہید جبکہ 80 زخمی ہوئے۔

واقعے میں ڈی آئی جی پولیس مبین احمد شہید ہوئے ۔ پولیس اہلکاروں کا عزم وحوصلہ بہت مضبوط ہے۔ شہداء کے ورثاء غم میں ڈوبے ہونے کے باوجود دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بلند حوصلے لئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور سانحہ پر ایک سیاسی جماعت کے سربراہ کا بیان پڑھ کر دلی رنج اور دکھ ہوا۔ اس سیاسی رہنما نے اپنی دکان چمکانے کے لئے اس المناک سانحہ پر حکومت پر تنقید کرنے کو ترجیح دی۔

انہوں نے اس چیز کو بھی فراموش کر دیاکہ دہشت گردی پورے پاکستان کا مشترکہ مسئلہ ہے۔ اس سے ایک دن بعد جب کے پی کے میں دھماکہ ہوا تو مجھے اتنا ہی دکھ ہوا جنا لاہور سانحہ پر ہوا تھا۔ مخالفین کی ایسے حساس مواقع پر پنجاب پولیس پر تنقید سمجھ سے بالاتر ہے۔ میں درد دل سے درخواست کروں گا کہ ایسے واقعات کو قومی سانحہ سمجھا جائے اور ایسے واقعات پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ سے باز رہنا چاہیے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لاہور سانحہ کے بعد کہا تھا کہ دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اللہ تعالیٰ نے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی توفیق دی۔ انہوں نے کہاکہ لاہور سانحہ میں ملوث دہشت گردوں اور سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اب تک کی معلومات کے مطابق سانحہ میں ملوث دہشت گردوں کا مرکزی نیٹ ورک افغانستان میں ہے۔

دہشت گردوں کا یہ نیٹ ورک افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان میں کارروائیاں کرتا ہے۔ لاہور سانحہ کے پیچھے بھی یہی نیٹ ورک ہے۔ اس دہشت گرد سانحہ کی تیاری اور پلاننگ افغانستان میں کی گئی جبکہ خودکش دھماکہ کرنے والے بمبار کا تعلق بھی افغانستان سے تھا جبکہ سانحہ میں ملوث دوسرے دہشت گرد کا تعلق باجوڑ ایجنسی سے ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ شہداء کا خون ہم پر قرض ہے۔

ہم یہ قرض چکا کر دم لیں گے۔ شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کو بھی رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف پاک فوج وفاقی اور صوبائی ادارے مل کر جنگ لڑ رہے ہیں۔ محکمہ انسداد دہشت گردی نے پنجاب میں دہشت گردوں کا صفایا کیا۔ …(رانا)