یونیورسٹی آف ایجوکیشن کا کانووکیشن ،8 ہزار 206 فارغ التحصیل طلباء کو ڈگریوں سے نوازا گیا

جمعہ 17 فروری 2017 23:18

لاہور۔17 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) یونیورسٹی آف ایجوکیشن کا پانچواں کانووکیشن برائے سائوتھ ریجن گزشتہ روز ملتان کیمپس میں منعقد ہو ا، جس میں 8 ہزار 206 فارغ التحصیل طلباء کو ڈگریوں سے نوازا گیا۔ کانووکیشن کی صدارت وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر رئوفِ اعظم نے کی جبکہ وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق اور وائس چانسلر میاں نواز شریف یو ای ٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر محمد زبیر مہمانان خصوصی تھے۔

کانووکیشن میں 3713بی ایڈ،397 بی بی اے آنرز، 385 بی ایس آئی ٹی، 374 بی ایس آنرز، 202 بی ایڈ آنرز، 412 ایم اے ایجوکیشن، 41 ایم اے ایجوکیشن ایل اینڈ ایم، 1417 ایم ایڈ،504 ایم اے انگلش، 244 ایم ایس سی آئی ٹی، 102 ایم ایس سی میتھ، 288 ایم بی اے، 99 ایم ایڈ اور ایم اے سپیشل ایجوکیشن اور 28 ایم فل سکالرز میں ڈگریاں جبکہ 51 طلباء میں میڈلز اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر رئوفِ اعظم نے گریجوایٹس کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اب آپ کا فرض ہے کہ آپ نے جو سیکھا ہے وہ معاشرے کو لوٹائیں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ کسی بھی مہذب معاشرہ میں اساتذہ کو ایک خاص مقام حاصل ہوتا ہے، کیوں کہ اس معاشرے کی تشکیل کا دارومدار ان ہی کندھوں پر ہوتا ہے، بلاشبہ استاد قوم کا معمار ہے، لیکن اگر اس میں قابلیت، صلاحیت اور تدریسی مہارت کی کمی ہے تو اس کے بد اثرات پورے معاشرے پر مرتب ہوتے ہیں، اسی سوچ کو مدنظر رکھتے ہوئے یونیورسٹی آف ایجوکیشن کا قیام عمل میں لایا گیا۔

یونیورسٹی آف ایجوکیشن وطن عزیز کی پہلی اور تاحال واحد جامعہ ہے، جس کے قیام کا مقصد اساتذہ کی تعلیم و تربیت ہے۔ اور میں یہاں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ تعلیم کے مختلف شعبوں میں مطلوبہ مقاصد کے حصول کے لئے یونیورسٹی اپنے تمام تر وسائل استعمال کر رہی ہے۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ اس وقت یونیورسٹی کے مختلف کیمپسز اور ڈویژن میں 385 اساتذہ جن میں104 پی ایچ ڈی اور 170ایم فل اساتذہ ہیں۔

یونیورسٹی اپنے قابل اور اعلی تعلیم یافتہ اساتذہ اور ددیگر کامیابیوں کے ساتھ ملک کی یونیورسٹیز میں ایچ ای سی کی درجہ بندی میں 12ویں نمبر پر ہے۔ اس موقع پر انہوں نے علم اور تحقیق اور معاشرے کی خدمات کے لئے یو نیورسٹی کی کا کردگی کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے 3500 نئے بھرتی ہونے والے کالج اساتذہ کی ٹریننگ کے لئے 120ملین مختص کئے ہیں اور ان کی ٹریننگ کی ذمہ داری ایجوکیشن یو نیورسٹی کو سونپی ہے۔

اس کے علاوہ چائنہ اور ترکی لینگویج کے لئے ہونہار طلباء کو وظائف کے اجراء کے عمل کی نگرانی اور تکمیل، یونیورسٹی آف ایجوکیشن ہی کر رہی ہے جبکہ 300 طلباء کو اس اسکیم کے تحت چین بھیجا بھی جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی اپنے کیمپسز کے بنیادی ڈھانچہ ، اپنی لائیبریریز اور آئی ٹی لیبز کو جدید تقاضوں کے مطابق استوار کرنے پر بھر پور توجہ دے رہی ہے۔

اگرچہ لاہور میں یونیورسٹی آف ایجوکیشن کی تین کیمپسز ہیں لیکن ان میں سے کسی کا رقبہ بھی کسی جدید یونیورسٹی کی ضروریات کے لئے کافی نہی ہے۔ اس لئے یونیورسٹی آف ایجوکیشن کو کم از کم 400 ایکڑ رقبہ درکار ہے جس کے لیے ہم حکومت پنجاب کے تعاون کے منتظر ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق نے ایجوکیشن یونیورسٹی کو ایک مضبوط ٹیچر ایجوکیشن ادارہ میں ڈھالنے کے لئے سال ہا سال کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ یونیورسٹی ڈ اکٹر رئوفِ اعظم وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن کی قیادت اور اس کی ٹیم کی محنت سے نہ صرف کوالٹی بلکہ استعداد میں بھی مذید آگے بڑھے گی۔

اس موقع پر قائمقام وائس چانسلر بہائو الدین زکریا یونیورسٹی ڈاکٹر محمد بشیر، ڈائریکٹر نیب محمد عبدالحفیظ سمیت، ماہرین تعلیم، یونیورسٹی سٹاف، طلباء اور ان کے والدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔