پاک افغان سرحدکے قریب دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر فورسز کی جوابی کارروائی ، متعدد دہشت گرد ہلاک

لنڈی کوتل میں قریب سرحدی علاقے رینہ پرچائو سے دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو ایف سی جوان زخمی

جمعہ 17 فروری 2017 22:48

پاک افغان سرحدکے قریب دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر فورسز کی جوابی کارروائی ..
خیبر ایجنسی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 فروری2017ء) پاک افغان بارڈر کے قریب دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی ، متعدد دہشت گرد ہلاک ، لنڈی کوتل کے علاقے لوئے شلمان کے قریب سرحدی علاقے رینہ پرچائو سے دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو ایف سی جوان زخمی ، فورسز کی طرف سے جوابی کارروائی دیر تک جاری رہی ، لوئے شلمان میں سمسئی کے مکینوں کو مکانات عارضی طور پر خالی کرنے کی ہدایت ، سیکیورٹی خدشات کی بناء پر طورخم بارڈر بند ۔

(جاری ہے)

گزشتہ شب لنڈی کوتل کے علاقے لوئے شلمان کے قریب سرحدی علاقے رینہ پرچائو سے افغانستان میں روپوش دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی ایک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ذرائع کے مطابق دو ایف سی کے اہلکار شدید زخمی ہو گئے جبکہ مئوثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں متعدد دہشت گردوں کے مارے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے اور انتظامیہ ذرائع کے مطابق جمعہ کے روز بھی پاک فورسز نے رینہ پرچائو میں موجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر گولہ باری اور مار ٹر گولوں کی شیلنگ کی ہے دریں اثناء انتظامیہ ذرائع سے معلوم ہوا کہ لوئے شلمان کے سمسئی کے مکینوں کو عارضی طور پر علاقہ چھوڑنے کی ہدایت کر دی گئی ہے سندھ کے علاقے سیون شریف میں خود کش دھماکے کے نتیجے میں شہید ہونے والے اسی افراد کے المناک واقعہ کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز کے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر طورخم بارڈر سیکیورٹی خدشات کی بناء پر غیر معینہ مدت کے لئے بند کر دی گئی ہے طورخم بارڈر کی بندش کے نتیجے میں درآمدات و برآمدات روک دی گئی ، دونوں طرف سینکڑوں مال بردار گاڑیاں کھڑی رہی اور پیدل آنے جانے والوں کا سلسلہ بھی روک دیا گیا ہے جبکہ دوسری طرف پولیٹیکل انتظامیہ نے جمعہ کی نماز کے موقع پر سخت ترین حفاظتی اقدامات کئے اور جگہ جگہ لوگوں اور گاڑیوں کی تلاشی کا سلسلہ بھی جاری رہا طورخم انتظامیہ نے بتایا کہ پاکستان کے طورخم بارڈر سے نو میتوں کو براستہ طورخم افغانستان لے جانے کی اجازت دے دی گئی ہے