ضلع بٹگرام کی سابقہ اے ڈی پی میں شامل سکیموں کی بحالی کے احکا مات

جمعہ 17 فروری 2017 22:47

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے صوبے بھر کے بنیادی مراکز صحت میں ڈاکٹرز اور دیگر سٹاف سو فیصد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ضلع بٹگرام میں جاری ترقیاتی سکیموں کو جلد مکمل کرنے، مکمل شدہ منصوبوں کا افتتاح کرنے اور نئی سکیموں کو آئندہ اے ڈی پی میں ڈالنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

انہوںنے ضلع بٹگرام کی سابقہ اے ڈی پی میں شامل سکیموں کی بحالی کے احکا مات بھی جاری کئے ہیں۔وہ وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں بٹگرام اور الائی میں ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔سابق ایم پی اے بٹگرام تاج محمد ترند ، ضلع و تحصیل کے مقامی ممبران، متعلقہ صوبائی محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میںشرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم سکل ڈویلپمنٹ سنٹر ایف ڈبلیو کو دے چکے ہیں۔ مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے فنی تعلیم و تربیت ضروری ہے۔ انہوں نے ضلع بٹگرام میں بھی ٹیکنیکل ایجوکیشن سنٹر قائم کرنے کے لئے زمین کی نشاندہی کرنے جبکہ یونیورسٹی کیمپس کیلئے زمین کے حصول کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ٹانک، ہنگو اور شانگلہ میں بھی ٹیکنیکل ایجوکیشن سنٹر زکی ہدایت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ RCCپل کی تعمیر کے لئے سمری بھیج دی گئی ہے جس پر تقریباً 57.8ملین روپے لاگت آئے گی۔ جبکہ دوسرے پل کا ٹینڈر ہو چکا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے مزید ایک پل اور دو سٹرکوں کا پی سی ون تیار کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ذریعے انکی تعمیر کر لیں گے۔ وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ ہائر سیکنڈری سکول بٹہ موڑی کی اپ گریڈیشن اے ڈی پی میں شامل ہے اس سلسلے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

وزیر اعلیٰ نے دوسرے ہائر سیکنڈری سکول کی نان اے ڈی پی سمری بھیجنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے ڈسٹرکٹ بار کے لئے 20لاکھ روپے کی گرانٹ سے بھی اتفاق کیا۔ انہوں نے پیجان روڈ کو بھی محکمہ مواصلات و تعمیرات میں ڈالنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے ضلع میں واٹر سپلائی اور دیگر سکیموں پر بھی بر وقت عمل در آمد کرکے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ عوام کو معیاری خدمات کی فراہمی کیلئے دستیاب وسائل کا شفاف استعمال یقینی بنایا جائے۔

ان کی حکومت صوبے بھر کے پسماندہ اضلاع کی ترقی کیلئے یکساں ترقیاتی حکمت عملی پر کاربند ہے۔ ہم قومی وسائل کو عوامی فلاح میں خرچ کرنے پر یقین رکھتے ہیں اور گزشتہ تین سالوں سے اسی اُصول پر عمل پیراہیں۔یہی وجہ ہے کہ انکی حکومت نے اختیارات او ر وسائل کی نچلی سطح تک منتقلی یقینی بنائی ہے جو دیگر صوبائی حکومتوں کیلئے بھی ایک مثال ہے ۔