ملاکنڈ ڈویژن کی ترقی کیلئے موثر اقدامات جاری ہیں۔عنایت الله

جمعہ 17 فروری 2017 22:43

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء)خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللهنے کہا ہے کہ ملاکنڈ ڈویژن کے چھ اضلاع بشمول سوات، شانگلہ، چترال، اپر دیر اور لوئر دیر میں کمیونٹی ڈرائیون لوکل ڈیویلپمنٹ پروگرام پالیسی کے تحت تقریباً2ہزار کمیونٹی بیسڈ پراجیکٹس جن کی مالیت 2534ملین روپے ہے پر کام تیز ی سے جاری ہے جبکہ مزید 2ہزار ترقیاتی منصوبے منظوری کے مراحل میں ہیں جس پر 2764ملین روپے لاگت آئے گی ۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے جمعہ کے روزپشاور میں یورپین یونین کے نمائند ہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پراجیکٹ کوآرڈینیٹر سی ڈی ایل ڈی سید رحمن بھی موجود تھے۔پراجیکٹ کوآرڈینیٹر نے سی ڈی ایل ڈی پروگرام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سی ڈی ایل ڈی پروگرام کمیونٹی شراکت پر مبنی پروگرام ہے جو کہ یورپی یونین کے تعاون سے ملاکنڈ کی پسماندگی دور کرنے کیلئے تسلسل کے ساتھ ترقیاتی منصوبے مکمل کررہا ہے۔

(جاری ہے)

عنایت الله نے کہا کہ سی ڈی ایل ڈی پروگرام سے ملاکنڈ ڈویژن کے 60ویلج کونسلوں کو فائدہ ہو گا ۔انہوں نے کہ سی ڈی ایل ڈی پروگرام اس لئے یہاںشروع کیا ہے تاکہ حکومت اور لوگوں کے درمیان کمیونیکیشن گیپ کو ختم کرکے اعتماد کو پروان چڑھاتے ہوئے ویلج کونسلوں کی سطح پر خدمات کی فراہمی کو کمیونٹی کی شراکت سے بہتر بنایا جا سکے۔انہوں نے وفد کو مزید بتایا کہ پالیسی کوارڈینیشن اینڈ ریویو کمیٹی نے پہلے سے اس پروگرام کی منظوری دے دی ہے اور سمری بھی وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو بھیج دی گئی ہے۔یو رپین وفدنے ملاکنڈ ڈویژن کی ترقی، بلدیاتی نظام کی بہتری اورمنتخب نمائندوں کی استعداد کار بڑھانے میں اپنی دلچسپی ظاہر کی اور سینئر صوبائی وزیر کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔