وفاقی حکومت کو اہم قومی معاملات کے حل پر فوری توجہ دینی چاہئیے‘سکندر شیرپائو

جمعہ 17 فروری 2017 22:39

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء)خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے آبپاشی و سماجی بہبود سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ ملک میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات اور عوام میں افراتفری کی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے وفاقی حکومت کو تمام قومی لیڈر شپ کو اعتماد میں لینے، نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کرنے اور افغان حکومت کے ساتھ اپنے معاملات مربوط گفت و شنید سے حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے چاہئیے تاکہ عوام کی جان و مال محفوظ ہونے کے ساتھ ساتھ ترقی کے سفر میں حائل رکاوٹیں بھی ختم ہو سکیں۔

وہ شیرپائو ضلع چارسدہ میں قومی وطن پارٹی کی ضلعی تنظیم کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو اپنی توانائیاں غیر سنجیدہ مسائل پر صرف کرنے کی بجائے اہم قومی معاملات پر توجہ دینی چاہئیے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ مرکزی حکومت کو آئندہ بجٹ سے پہلے قومی مالیاتی کمیشن کے اجلاس کا انعقاد کر نا ہو گا تاکہ آئندہ سال کے بجٹ میں تمام صوبوں کے حقوق کا تعین یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے پارٹی کارکنوں پر بھی زور دیا کہ وہ عوام میںجمہوری روایات کے مطابق آگہی پھیلانے کیلئے دن رات محنت کریں اور آئندہ ماہ ہونے والی قومی مردم شماری اور سی پیک منصوبے کی اہمیت اور اس میں اپنے حصے کیلئے جدوجہد اور ترقیاتی منصوبوں کے معیاری انداز میں تکمیل سمیت پُرامن ماحول کے قیام پر توجہ دیں۔