لعل شہباز قلندر کے مزار پر خود کش حملہ حکومتی اداروں کی بے حسی اور غیر ذمہ داری کا منہ بولتا ثبوت ہے

جمعیت علماء پاکستان (نورانی) کے صوبائی صدر پیر جمال الدین چشتی کا بیان

جمعہ 17 فروری 2017 22:37

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 فروری2017ء) جمعیت علماء پاکستان (نورانی) کے صوبائی صدر پیر جمال الدین چشتی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ لعل شہباز قلندر کے مزار پر خود کش حملہ حکومتی اداروں کی بے حسی اور غیر ذمہ داری کا منہ بولتا ثبوت ہے ، انہوں نے کہا کہ اگر اتنے سارے وسائل کے باوجودحکومتی ادارے عوام کا تحفظ کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ حکومتی اداروں میں بھی ضرب عضب ناگزیرہے اور وہاں سے بھی عوام کی جان و مال سے کھیلنے والے اور پاکستان کے وسائل کو پاکستان کے عوام کے خلاف ہی استعمال کرنے والے افراد کوٹھکانے لگانے کی ضرورت ہے ، انہوں نے کہا کہ عوامِ اہلسنت و جماعت کے جذبات کا امتحان نہ لیا جائے،عوامِ اہلسنت و جماعت قانون کے پاسدار ہیں اور ان کا اس مملکت ِ خداداد کو حاصل کرنے میں قربانیوں کا کوئی انکار نہیں کر سکتا، تاہم اس ملک میں اللہ اور رسولؐ کے دین کو پھیلانے والے اور امن کا درس دینے والے اولیاء اللہ کے مزارات کو دین اسلام کے دشمن نقصان پہنچا کر نہ صرف اسلام دشمنی کا بلکہ مملکتِ خداداد پاکستان کے ساتھ بھی دشمنی کا ثبوت دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم ان اسلام و پاکستان دشمن عناصر کے سدِ باب کے لئے اپنے ملک کے تحفظ کے ضامن اداروں کے بھرپور ممدو معا ون رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیرانِ عظام و مشائخ اہلسنت و الجماعت کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے اور مزارات مقدسہ و مساجد و امامبارگاہوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے ۔

متعلقہ عنوان :