کسانوں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی حکومت کا انقلاب آفریں اقدام ہے،ملک رشیداحمدخان

توانائی منصوبوں کی تکمیل اور لوڈ شیڈنگ سے ملک میں خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا،رکن قومی اسمبلی

جمعہ 17 فروری 2017 22:01

کسانوں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی حکومت کا انقلاب آفریں اقدام ہے،ملک ..
قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) رکن قومی اسمبلی ملک رشید احمد خاں نے کہا ہے کہ خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام کے تحت دیہی سٹرکوں کی تعمیر و بحالی سے زرعی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں ‘خادم پنجاب کسان پیکج کے تحت کسانوں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی حکومت کا انقلاب آفریں اقدام ہے‘ بلا سود قرضوں کی فراہمی سے چھوٹے کاشتکاروں کو ریلیف ملا ہے ‘توانائی منصوبوں کی تکمیل اور لوڈ شیڈنگ سے ملک میں خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ روز خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام کے تحت تلونڈی سے بھلیریاں تک سڑک کا افتتاح کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر چیئرمینز و وائس چیئر مینز یونین کونسلز ‘کونسلرز اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

(جاری ہے)

رکن قومی اسمبلی ملک رشیداحمد خاں نے کہا کہ ’’پکیاں سڑکاں سوکھے پینڈے ‘‘پروگرام کے تحت اربوں روپے کی لاگت سے دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام جاری ہے جس سے دیہی آبادی کے رہنے والوں کو آمدورفت کی بہترین سہولتیں میسر آئینگی اور یہ پروگرام خدمت خلق کا عظیم پروگرام ہے اور اسے ہم سب نے ملکر آگے بڑھانا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی سے زرعی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں اور اس پروگرام سے زرعی معیشت کو تقویت ملی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت زرعی شعبے کی ترقی اور کسان کی خوشحالی کیلئے دن رات کوشاں ہے ۔کسانوں کو کھادوں کی قیمتوں پر سبسڈی سے کسان مزید خوشحال ہو گا۔ملک رشید احمد خاں نے مزید کہا کہ کسان پیکج کے تحت کسانوں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی حکومت کا انقلاب آفریں اقدام ہے ۔

100ارب روپے بلا سود قرضوں کی فراہمی سے چھوٹے کاشتکاروں کوبے پناہ ریلیف ملے گااور غربت کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے ترقیاتی منصوبے شفافیت ، برق رفتاری اور معیار کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہیں ۔ وسائل قوم کی امانت ہیں اور اسکی ایک ایک پائی نہایت دیانتداری سے عوام کی فلاح پر صرف کی جارہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :