جمعتہ المبارک کے موقع پر سکیورٹی ہائی الرٹ رہی

تمام افسران نے مختلف مساجد ،امام بارگاہوں اور عبادت گاہوں کا دورہ کر کے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا

جمعہ 17 فروری 2017 22:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) لاہور پولیس نے جمعتہ المبارک کے موقع پر پورے شہر میں سکیورٹی کے فول پروف حفاظتی انتظامات کئے ۔تمام افسران نے شہر کے مختلف مقامات پر مساجد ،امام بارگاہوں اور عبادت گاہوںکا دورہ کر کے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا ۔تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشر ف نے تمام ڈویژنل ایس پیز کو ہدایت کی تھی کہ جمعتہ المبارک کے موقع پر فول پروف حفاظتی انتظامات میں کوئی کثر اٹھا نہ رکھی جائے جس کے بعد جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب سرچ آپریشنز کئے گئے اور شہر کی ہر مسجد ،امام بارگاہ اور عبادت گاہوں پرروف ٹاف ڈیوٹی ،سادہ پارچات ،واک تھرو گیٹس ،میٹل ڈیٹکٹرز ،جسمانی تلاشی ،بیر ئیرز اور تین سطحی چیکنگ کو یقینی بنایا گیا۔

(جاری ہے)

ایس پی سول لائنز علی رضا نے شملہ پہاڑی مسجد ، درباربیبیاں پاک دامن،احمدی عبادت گاہ گڑھی شاہو ،ایس پی ماڈل ٹائون اسماعیل کھاڑک نے جامعتہ المنتظر،احمدی ذکر خانہ ،غوثیہ مسجد مین مارکیٹ،مسجد باب المستجاب گارڈن ٹائون ، جامعہ اشرفیہ و دیگر ، ایس پی کینٹ رانا طاہر نے قادیانی عبادت گاہ خالد روڈ ، خالد مسجد کیلوری گرائونڈ و دیگر اور ایس پی سٹی محمد نوید نے داتا دربار، بادشاہی مسجداورگریٹر اقبال پارک و دیگر کا دورہ کر کے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا۔

جمعتہ المبارک کی نماز کے دوران تمام راستوں کو بیرئیرز لگا کر بند کر دیا گیا تھا۔شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی سکیورٹی ہائی الرٹ ہے ۔سکیورٹی پر معمور اہلکاروںکو ہر مشکوک گاڑی اورموٹر سائیکل پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔