حویلیاں اور بصیر پور کے درمیان پاکستان ریلویز کی انسپکشن ٹرالی اُلٹ گئی

اے ای این رائیونڈ فرحت عباس اور ڈی ای این تھری ریاض محمود شدیدزخمی لاہورجنرل ہسپتال منتقل

جمعہ 17 فروری 2017 22:01

حویلیاں اور بصیر پور کے درمیان پاکستان ریلویز کی انسپکشن ٹرالی اُلٹ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) بچوں کی شرارت کی وجہ سے حویلیاں اور بصیر پور کے درمیان پاکستان ریلویز کی انسپکشن ٹرالی اُلٹ گئی اور اے ای این رائیونڈ فرحت عباس اور ڈی ای این تھری ریاض محمود شدیدزخمی ہوگئے جنہیں لاہورجنرل ہسپتال منتقل کر دیا گیا ، پی ڈبلیوآئی کنگن پور کو بھی چوٹیں آئیں ۔ تفصیلات کے مطابق حویلیاں اور بصیر پور کے درمیان بچوں نے شرارت کرتے ہوئے پٹری پر پتھر رکھ دینے کی وجہ سے ٹریک کی انسپکشن کرنے والی موٹر ٹرالی اُلٹ گئی ۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز محمد جاوید انور اور ایڈیشنل جنرل منیجر (انفراسٹرکچر) ہمایوں رشید سمیت دیگر حکام نے زخمی ریلوے افسران کی عیادت کی اور بہترین علاج ومعالجہ فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ چیف ایگزیکٹوآفیسر پاکستان ریلویز محمد جاوید انور نے کہا کہ ریلویز کا ادارہ عوام سے اپیل کرتا ہے کہ چھوٹی چھوٹی شرارتوں کی وجہ سے بڑے بڑے حادثات رونما ہو سکتے ہیں، اس سلسلے میں نہ صرف احتیاط کی جائے بلکہ بچوں پر بھی نظر رکھی جائے۔ ٹریک بچوںکے کھیلنے کی جگہ نہیں ہے اور معمولی لاپروائی جان لیوا بھی ثابت ہو سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :