آئندہ مردم شماری کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے متعلقہ ادارے بھرپور اقدامات اٹھائیں۔چیف سیکرٹری کے پی

جمعہ 17 فروری 2017 20:44

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 فروری2017ء) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا عابد سعید نے تمام صوبائی اور ضلعی افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ صوبے میں پولیو کے خاتمے سمیت آئندہ پندرہ مارچ سے شروع ہونے والی مردم شماری کو ہر لحاظ سے کامیاب بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائیں تاکہ ان چیلنجوں سے نبرد آزما ہو کر مقررہ اہداف سو فیصدحاصل کئے جا سکیں۔

انہوں نے یہ ہدایات کیبنٹ روم سول سیکرٹریٹ پشاور میں جمعہ کے روز صوبائی سیکرٹریوں، عالمی ادارہ صحت کے نمائندوں، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنروں کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔اجلاس میںداخلہ ،بلدیات ، خوراک، آبنوشی اورتعلیم کے محکموں کے سیکرٹریوں کے علاوہ صوبے کے ڈویژنل کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

جس میں صوبے سے پولیو کے خاتمے محکمہ صحت میں ڈاکٹروں کی تعیناتیوں ،اضلاع کی سطح پر محکموں کی کارکردگی ، مردم شماری جو پہلے مرحلے میں آئندہ 15مارچ سے 14اپریل تک پشاورسمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی کی جائے گی سمیت سالانہ ترقیاتی پروگرام کے امور کے بارے میں تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور ان پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے بعض اہم تجاویز پیش کی گئیںاور فیصلے بھی کئے گئے۔

اجلاس میں صوبے سے پولیو کے خاتمے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ میں مختلف اضلاع میں پولیو کے رپورٹ ہونے والے کیسوں کے بارے میں بتایا گیا اور اس ضمن میں ضلع بنوں سے پولیو کے مکمل خاتمے پر انتہائی اطمینان کا اظہار کیا گیا جبکہ پشاور ،چارسدہ، مردان، ،دیر اور کوہستان کے اضلا ع میں پولیو کے بارے میں تفصیلات پیش کی گئیں۔اجلاس میں صحت اور بلدیات کے سیکرٹریوں نے اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے اپنے محکموں کے دیگر امور سمیت محکمہ صحت میں ڈاکٹروں کی بھرتیوں اور مردم شماری کے متعلق تفصیلات سے آگا ہ کیا۔

اجلاس میں آبنوشی کی سکیموں کی تفصیلات بھی پیش کی گئیںاور ضلعی افسران نے اس سے متعلق اپنی اپنی آرا پیش کیں۔اجلاس میں اشیائے ضروریہ کا ضلع کی سطح پر جائزہ پیش کیا گیا اور قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے متعدد تجاویز پیش کی گئیں۔اجلاس میں ضلعی سالانہ ترقیاتی پروگرام کی تفصیلات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور جاری منصوبوں کیلئے فنڈز کی فراہمی کی تفصیلات پیش کیں۔

اس موقع پر باتیں کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے صوبے کی سطح پر سرکاری امور کی انجام دہی میں افسران کو مزید دلچسپی لینے کی ضرورت پر زورد دیتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کیلئے مختص شدہ فنڈز کے استعمال کو یقینی بنانے سمیت صوبائی اور ضلعی افسران کو سرکاری امور کی انجام دہی میں باہمی صلاح مشورے اور مزید راوبط اور تعاون کو فروغ دینے کی تاکید کی ۔انہوں بنوں سے پولیو کے خاتمے پر متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :