دہشت گردی کیخلاف جنگ ہماری اور عوام کی فتح کے ساتھ ختم ہوگی،نواز شریف

ملک کو دہشت گردی جیسی لعنت سے ہمیشہ کیلئے پاک کردیں گے، ہم متحد ہیں ملک کی مثبت اقدار ہمیشہ زندہ رہیں گی،وزیر اعظم کا اعلیٰ سطح کا اجلاس سے خطاب

جمعہ 17 فروری 2017 20:37

دہشت گردی کیخلاف  جنگ ہماری اور عوام کی فتح کے ساتھ ختم ہوگی،نواز شریف
سیہون شریف (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 فروری2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ گزشتہ کئی برسوں سے ہم اندرونی و بیرونی دشمنوں سے لڑ رہے ہیں اور امن و خوشحالی کی منزل میں ہر قوم کو ظالمانہ قوتوں کی بربریت کا سامنا رہا ہے مگر یہ جنگ ہماری اور عوام کی فتح کے ساتھ ختم ہوگی۔ جمعہ کے روز وزیراعظم محمد نواز شریف نے سیہون دھاکے میں زخمی ہونے والوں کی نوابشاہ کے پیپلز ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی اور سہون میں دربار لال شہباز قلندر کا دورہ کیا جہاں پر ان کو چیف سیکرٹری سندھ نے دھماکے کے متعلق بریفنگ دی اور اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں قومی سلامتی کے وزیر ناصر جنجوعہ ‘ وزیر داخلہ چوہدری نثار‘ وزیر خزان اسحاق ڈار ‘ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی ساہ اور گورنر سندھ محمد زبیر بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم گزشتہ کئی برسوں سے اندرونی و بیرونی دشمنوں سے لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم شناخت کیلئے یہ جنگ لڑ رہے ہیں اور پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دشمن عناصر کا پوری قوت سے قلع قمع کریں اور ملک کو دہشت گردی جیسی لعنت سے ہمیشہ کیلئے پاک کردیں۔ ہماری یہ جنگ اعلیٰ اقدار کے تحفظ اور آنے والی نسلوں کو روشن مستقبل دینے کیلئے ہیں ور اس میں ہم ضرور کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ ہم متحد رہ کر ہی دشمن سے لڑ سکتے ہیں اور جن کی وجہ سے ہم متحد ہیں ملک کی وہ مثبت اقدار ہمیشہ زندہ رہیں گی۔ (عابد شاہ)