ْڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی جاوید مرتضیٰ عباسی نے ایبٹ آباد میں شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا

گرین پاکستان پروگرام کا مقصد جنگلات میں اضافہ اور جنگلی حیات کو تحفظ فراہم کرنا ہے،جاوید مرتضی عباسی

جمعہ 17 فروری 2017 20:26

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی جاوید مرتضی عباسی نے ضلع ایبٹ آباد میں نگری ٹوٹیال اور زیارت معصوم کے مقامات پر پودے لگا کر موسم بہار کی شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔ ان مواقع پر عمائدین علاقہ، محکمہ جنگلات کے اعلیٰ حکام کے علاوہ عوام کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ نگری ٹوٹیال اور زیارت معصوم میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر نے جنگلات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ درخت انسانی حیات کیلئے ناگزیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلوں اور بڑ ھتے ہوئے عالمی درجہ حرارت سے نمٹنے، ملک کو سرسبز و شاداب بنانے اور آلودگی کے خاتمہ کیلئے ضروری ہے کہ جنگلات کے رقبہ میں اضافہ کیا جائے اور موجودہ جنگلات کا تحفظ کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جنگلات ملک کے مجموعی رقبہ کا صرف 5فیصد ہیں جبکہ عالمی پیمانے کے مطابق اس کو 25 فیصد ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف نے عالمی سطح پر ہونے والی موسمیاتی تبدیلوں کے اثرات سے نمٹنے کیلئے گرین پاکستان پروگرام کا اجراء کیا ہے جس کا مقصد پاکستان میں جنگلات اور جنگلی حیات کو تحفظ فراہم کرنا اور جنگلات کے رقبہ میں اضافہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کیلئے خطیر فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ گرین پاکستان کا منصوبہ ملک کی سماجی اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے منصوبے کو کامیاب بنانے کیلئے عوام کو شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ اللہ تعالی نے ہزارہ ڈویژن کو بے پناہ قدرتی حسن سے نوازا ہے اور جنگلات اس علاتے کی خوبصورتی کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں جنگلات کی بے دریغ کٹائی اور شجرکاری کے سلسلہ میں بے توجہی کی وجہ سے اس علاقہ کے حسن کو نقصان پہنچا۔

انہوں نے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ درخت نہ صرف کرہ ارض کے ایکو سسٹم کیلئے ضروری ہیں بلکہ اس کے دیگر بے پناہ فوائد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت جنگلات کے فروغ اور تحفظ کیلئے بہت سنجیدہ ہے اور ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے لیکن اس کی کامیابی عوام کے تعاون کے بغیر ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے اس لئے اس کار ثواب میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔ انہوں نے جنگلات کے فروغ کیلئے عوامی سطح پر نرسریاں لگانے اور جنگلات کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے آگاہی مہم شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔