عافیہ موومنٹ کی سیہون شریف میں زائرین اور سکیورٹی اہلکاروںپر حملوں کی مذمت

ایسے دلخراش واقعات پر اظہار افسوس کیلئے الفاظ ساتھ نہیں دیتے ہیں، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

جمعہ 17 فروری 2017 20:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے دہشت گردی کے واقعات سیہون شریف میںزائرین پراور پاک فوج و پولیس کے جوانوں پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ عافیہ موومنٹ انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میںانہوںنے کہا کہ ایسے دلخراش واقعات پر اظہار افسوس کیلئے الفاظ ساتھ نہیں دیتے ہیں۔

ایسے موقعوں پر ہمیں سچ بولنا ہوگا۔ملک کا نظام اتنا گل سڑچکا ہے کہ بیٹیوں تک کو اغیار کو بیچ دیا جاتا ہے۔ ملک کوسچی اور دیانتدار قیادت شپ کی ضرورت ہے۔ ہم نے ایسے لیڈر چنے ہیں جو اپنی حفاظت کیلئے کھربوں روپے خرچ کررہے ہیں جبکہ ہمارے بہن بھائیوں کی لاشیں مسلسل گررہی ہیں۔

(جاری ہے)

سانحات کی صورت میں زخمیوں کو علاج معالجے کیلئے بڑے شہروں میں منتقل کرنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے جانی نقصان میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے۔

ایسا نظام عوام کو تحفظ نہیں دے سکتا جو جھوٹ، وعدہ خلافی اور بددیانتی پرحکمرانوں اور سرکاری حکام کا احتساب نہ کرسکے۔جس دن ملک میں جھوٹے، وعدہ خلاف اور بددیانت حکمرانوں اور سرکاری حکام کا احتساب شروع ہوگیا عوام محفوظ ہوجائیں گے۔اللہ ہمارے پاکستان کو سلامت رکھے، ظالموں کے شر سے محفوظ رکھے اور ہمیں ہمت دے کہ ظلم کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں اور اپنے پاک وطن کی حفاظت کرسکیں۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے شہداء کی بلندی درجات اور زخمیوں کی جلدصحتیابی کیلئے دعا کی۔

متعلقہ عنوان :