چیئرمین ڈاکٹر حفیظ الرحمن کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کا اجلاس

جنگلات کے تحفظ اور فروغ کو یقینی بنانے کیلئے فاریسٹ پالیسی پر مکمل عملدرآمد اور مانیٹرنگ کے نظام کو بہتر بنانے کی ہدایت

جمعہ 17 فروری 2017 19:59

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی نے جنگلات کے تحفظ اور فروغ کو یقینی بنانے کے لئے فاریسٹ پالیسی پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ مانیٹرنگ کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین ڈاکٹر حفیظ الرحمن خان دریشک کی زیر صدارت جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا۔

اجلاس میں مالی سال 2017-18ء کے بجٹ کیلئے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام سے متعلق موسمیاتی تبدیلی ڈویژن کی بجٹ تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر قائمہ کمیٹی نے اس بات پر زور دیا کہ فاریسٹ پالیسی کو اس کی اصل روح کے مطابق نافذ کرتے ہوئے اس حوالے سے مانیٹرنگ سسٹم کو بھی مزید بہتر بنایا جانا چاہئے۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے گزشتہ سال اور رواں سال کے دوران غیرملکی دورہ کرنے والے وزارت موسمیاتی تبدیلی کے افسران و اہلکاروں کی فہرست پیش کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں کمیٹی کے ارکان ملک اعتبار خان، سلمان حنیف، محمد معین وٹو، شہناز سلیم، مائزہ حمید، مراد سعید، مسرت احمد زیب، نعیمہ کشور خان، طاہرہ اورنگزیب، خالدہ منظر، کرن عمران ڈار، نگہت پروین میر کے علاوہ عمران ظفر لغاری وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیل زاہد حامد اور وزارت کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔