وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے ٹریفک وارڈنز پولیس کی موٹروے پولیس کی طرز پر خصوصی الائونس کی منظوری دے دی

جمعہ 17 فروری 2017 19:52

وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے ٹریفک وارڈنز پولیس کی موٹروے پولیس کی طرز پر ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے انسپکٹر جنرل آف پولیس ناصر خان دٴْرانی کی سمری کی روشنی میںٹریفک وارڈنز پولیس کی موٹروے پولیس کی طرز پر خصوصی الاونس کی فوری منظوری دے دی ہے۔ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے سال 2015میں پولیس لائنز پشاور میں ٹریفک وارڈنز پولیس کے افتتاح کے موقع پر ٹریفک وارڈن الاونس کا موٹروے پولیس کی طرز پر کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس سلسلے میں آئی جی پی کو سمری بھیجوانے کی ہدایت کی تھی۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس نے وزیر اعلیٰ کی ہدایت کے مطابق 11مارچ 2015کو اس سلسلے میں ایک سمری بھیجوائی۔ بعد ازاں آئی جی پی نے 11فروری 2016کو اس پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے ایک دوسرا مراسلہ ارسال کیا جس میں 1867ٹریفک وارڈنز کی موٹر وے پولیس کی طرز پر الانسز بڑھانے کی ساری تفصیلات درج تھیں۔

(جاری ہے)

8فروری 2017کو ایک بار پھر آئی جی پی نے صوبے کے چیف ایگزیکٹو کو ایک اور خط ارسال کیا جس میں پولیس کے اس دیرینہ مطالبے کو ایک ہفتے کے اندر اندر پورا کرنے کی درخواست کی تاکہ ٹریفک وارڈن پولیس کی مراعات کو عملی شکل دی جائے اور ٹریفک وارڈنز یکسوئی اور دلجمعی کے ساتھ عوام کی خدمت کو آگے بڑھا سکیں۔

بالا آخر وزیر اعلیٰ نے ٹریفک وارڈن پولیس کی خصوصی الاونسز موٹر وے پولیس کی طرز پر کرنے کی منظوری دی۔ سمری کے مندرجات کے مطابق لوئر سب آرڈینیٹس کو ماہوار مقررہ 5ہزار، آپر سب آرڈینیٹس کو 7ہزار اور گزٹیڈ آفسروں کو 10ہزار روپے ماہوار ملاکرے گی۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ نے پچھلے ہفتے خیبر پختونخوا پولیس کانسٹیبلان ، ھیڈ کانسٹیبلان اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر ز کی آپ گریڈیشن کے لئے بھی ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ جو اس پر عمل درآمد کے لئے 15دنوں کے اندر اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔