ملیحہ لودھی کا اقوام متحدہ کی طرف سے کشمیریوں کو دیئے گئے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کے لئے پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کا عزم

امریکہ میں مقیم پاکستانیوں اور امریکیوں کو پاکستان اور حکومت کی کشمیریوں کی جائز جدوجہد میں بھرپور ساتھ دینا چاہیے ،ْ ملیحہ لودھی کا خطاب

جمعہ 17 فروری 2017 19:46

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کی طرف سے کشمیریوں کو دیئے گئے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کے لئے پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کا عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاہے کہ امریکہ میں مقیم پاکستانیوں اور امریکیوں کو پاکستان اور حکومت کی کشمیریوں کی جائز جدوجہد میں بھرپور ساتھ دینا چاہیے۔

وہ کشمیریوں اور پاکستانی کمیونٹی کے اجتماع سے خطاب کررہی تھیں جس کااہتمام پاکستانی قونصل خانہ نے کشمیریوں کا ساتھ اظہا ر یک جہتی کیلئے کیا تھا۔ پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی نے کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانیوں اور امریکیوں کو پاکستان اور حکومت کی کشمیریوں کی جائز جدوجہد میں بھرپور ساتھ دینا چاہیے اور یہ مسئلہ اٹھانے کے لئے آٓٴواز بلند کرنی چاہئے اور کشمیریوں پر بھارتی مطالم سے دنیا بھر کو آگاہ کرناچاہیے انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں پر مظالم اور تشدد کر کے ان کی آزادی کی جدوجہد کو کچلنا چاہتاہے ،ْجولائی سے لے کر اب تک سینکڑوں کشمیری شہید ہو چکے ہیں ،ْبھارتی فورسز کی پیلٹ گنوں کے استعمال سے درجنوں شہری بینائی سے محروم ہو چکے ہیں ۔

(جاری ہے)

پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی نے اجلاس کے تمام شرکاء کو حکومت پاکستان نے ان تمام اقدامات اور کوششوں کے بارے میں بھی بریف کیا جو وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے سفارتی طور پر کر رہی ہے ۔ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اقوام متحدہ کے تمام فورمز پر اجاگر کیاہے اور حتی کہ اقوام متحدہ کی اس لامتی کونسل کے صدر سے بھی بات کی ہے جس نے کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینے کی کئی قرادادیں منظور کی ہیں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ کے نئے سیکرٹری جنرل انٹونیو گٹریز کے سامنے بھی اس وقت کشمیر کا مسئلہ اٹھایا جب ان کی حال ہی میں ڈیووس میں ان سے ملاقات ہوئی تھی ۔

وزیر اعظم نے ان پر زور دیا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں کیونکہ امن واستحکام کا فروغ اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں بھی مسئلہ کشمیر کو بھر پور طریقے سے اجاگر کیا ۔ وزیر اعظم نے اس وقت کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کو کشمیریوں پر بھارتی مظالم بارے ڈوزیئر بھی حوالے کیا تھا ۔

سفیر ملیحہ لودھی نے کہا کہ ہم کشمیریوں کی اس وقت تک اخلاقی ، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے جب تک ان کی حق خودارادیت کے حصول کی یہ جدوجہد جاری ہے ۔ کشمیری اور امریکی نژاد پاکستانیوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر بارے مکمل اتفاق رائے ہے اور تمام اراکین کا ایک ہی موقف ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ کی قرارداد پر عمل درآمد کا مطالبہ بھی کیا ۔ امریکا میں پاکستانی قونصل جنرل راجہ علی اعجاز نے تمام پاکستانیوں پر زورد یا کہ وہ امریکی سیاست دانوں ، قانون سازوں اور عام شہریوں سے رابطے کریں اور انہیں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کے بارے میںآگاہ کریں ۔ اجلاس سے کشمیر مشن کے سربراہ کیپٹن ریٹائرڈ شاہین بٹ اور پی ایم ایل ( این ) امریکا کے صدر روحیل ڈارنے اپنے خطاب میں پاکستانیوں کی تمام صفوں میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس سے کشمیر کاز میں بڑی مدد ملے گی ۔ اجلاس کے آغاز پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سکیورٹی فورسز کے کشمیریوں پر مظالم اور بہیمانہ تشدد کے بارے میں دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی ۔

متعلقہ عنوان :