اوورسیزپاکستانیز کمیشن کے زیر اہتمام کیپٹن (ر)احمد مبین اور دیگر شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی

جمعہ 17 فروری 2017 19:33

لاہور۔17 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء)اوورسیزپاکستانیز کمیشن(اوپی سی)پنجاب کے زیر اہتمام لاہور دھماکے میں شہیدہونے والے کیپٹن (ر)احمد مبین اور دیگر شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی و تعزیتی ریفرنس کا اہتمام کیا گیا۔کمشنر اوپی سی افضال بھٹی، مشیر وزیراعلیٰ طلحہ برکی،ارکان اسمبلی آزاد علی تبسم، طارق سبحانی،سابق ارکان اسمبلی علی نور نیازی،حاجی نواز،مسلم لیگی رہنما چوہدری شفیع،ڈی جی او پی سی جاوید اقبال بخاری،سیکریڑی زکوة و عشرو سابق ڈی جی حسن اقبا ل،ندیم سرور، ڈائر یکٹر ز اسد نعیم، عشرت نیازی ، چیئرمین عوامی سہولت کمیٹی ساجد چوہدری اور اوپی سی سٹاف نے قرآن خوانی میں شرکت کی۔

کمشنر اوپی سی افضال بھٹی نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اوپی سی کیلئے شہید کیپٹن (ر)احمدمبین کی خدمات ناقابل فراموش ہیں اور شہید نے اس نئے ادارے کو کامیاب بنانے کیلئے انتھک محنت خلوص اور لگن سے کام کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اوپی سی شہید کی خدمات کا ہمیشہ معترف رہے گا، اوپی سی کو بطور ادارہ مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے میں ان کا اہم کردارہے۔اس موقع پر شرکاء نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ واضح رہے کہ شہید کیپٹن(ر)احمد مبین اوپی سی میں بطور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (پولیس)خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔