دہشت گردی کی حالیہ لہر کے بعد سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں تیز ، 50 دہشتگرد ہلاک، بھاری اسلحہ و گولہ بارود برآمد

جمعہ 17 فروری 2017 18:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 فروری2017ء) ملک میں دہشت گردی کی حالیہ لہر کے بعد سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں اور تخریب کاروں کے خلاف کارروائیاں تیز کر کے 50 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز کے ساتھ مقابلے میں ایک گھنٹے کے دوران 18 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیاہے، کراچی میں منگھوپیر کے علاقے زیارت میں سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران 11 دہشت گرد ہلاک ہوئے جب کہ مقابلے میں 2 اہلکار زخمی بھی ہوئے، دہشت گردوں کے قبضے سے آٹو میٹک مشین گن اور بڑی مقدار میں گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں کا قافلہ سیہون میں امدادی سرگرمیاں انجام دینے کے بعد واپس آ رہا تھا کہ کاٹھور کے قریب دہشت گردوں نے قافلے پر حملہ کردیا جس میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا، رینجرز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

(جاری ہے)

اورکرزئی ایجنسی کے علاقہ غلوچینہ میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ میں 6 شدت پسند ہلاک ہوئے جبکہ پشاور کے علاقے ریگی میں سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے فورسز پر حملہ کیا، جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

اس کے علاوہ خیبر اجنسی میں پاکستانی چوکی پر افغانستان کی جانب سے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے سیکورٹی فورسز نے دشمنوں کو بھرپور جواب دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افغانستان سے دہشت گردوں نے خیبر ایجنسی میں پاکستانی چوکی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 2 اہلکار زخمی ہوئے جبکہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں متعدد دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوئے۔

خیبر ایجنسی کے علاقے لوئے شلمان میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی جس کے باعث6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، ہلاک دہشتگردوں کا تعلق جماعت الاحرار سے تھا۔بنوں میں بھی تھانہ بگا خیل کے علاقے مروت کینال میں سیکورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ سیکیورٹی فورسز کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور افغانی و عراقی کرنسی بھی برامد ہوئی۔

اورکزئی ایجنسی میں بھی چیک پوسٹ کے قریب بم نصب کرنے والے 2 تخریب کاروں کو سیکیورٹی فورسز نے ہلاک کیا جبکہ اپر دیر میں بھی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مقابلے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس موبائل پر فائرنگ کرنے والے 2 دہشت گرد ناکے پر سیکورٹی فورسزز کی فائرنگ سے ہلاک اور ایک دہشت گرد زخمی بھی ہوا جسے اٴْس کے ساتھی ہمراہ لے گئے۔

ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 2 دستی بم اور پستول برامد ہوا۔ واضح رہے کہ گزشتہ شب دہشتگردوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس وین پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 4 اہلکاروں سمیت 5 افراد کو جاں بحق کر دیا تھا۔لاہور میں فیصل آباد بائی پاس کے قریب ریڈ کے دوران دہشت گردوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کردی، جوابی کارروائی میں 2 دہشتگرد ہلاک ہوئے جن کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

سرگودھا میں پولیس اور سٹرل ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے کارروائی کرکے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کرکے ان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برامد کرلیا۔کوئٹہ کے نواحی علاقے درخشاں اسکیم میں ایف سی اور پولیس کے دہشت گردوں کے کمپاؤنڈ پر چھاپے کے دوران شدت پسندوں نے ان پر فائر کھول دیا جس کے نتیجے میں 2 ایف سی اہلکار زخمی ہوئے۔ ایف سی اور پولیس کی جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے اور کمپاؤنڈ سے بڑی مقدار میں اسلحہ و بارود بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے ۔…(خ م)

متعلقہ عنوان :