پاکستان ایک نظریہ کا نام ہے،ہر گذرتے دن کے ساتھ پاکستان کی اہمیت مزیدبڑھ رہی ہے،ہمیں متحد ہو کر دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا ہے

ڈاکٹر اجمل نیازی، میاں سلمان فاروق، پروفیسر ہمایوں احسان و دیگر کانظریہٴ پاکستان کانفرنس سے خطاب

جمعہ 17 فروری 2017 17:52

لاہور۔17 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) پاکستان محض ایک ملک نہیں بلکہ ایک نظریہ کا نام ہے،ہر گذرتے دن کے ساتھ پاکستان کی اہمیت مزیدبڑھ رہی ہے،ہمیں متحد ہو کر دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا ہے۔ ان خیالات کا اظہارمقررین نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں نویں سالانہ سہ روزہ نظریہٴ پاکستان کانفرنس کے دوسرے روز منعقدہ پانچویں اور چھٹی نشست کے دوران کیا۔

اس موقع پرکالم نگارپروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل نیازی، دانشور میاں سلمان فاروق، پروفیسر ہمایوں احسان، بیگم مہناز رفیع، چیئرمین قومی ترانہ فائونڈیشن پروفیسر عزیز احمد ہاشمی، پروفیسر ڈاکٹر پروین خان، پروفیسر ڈاکٹر ایم اے صوفی، بیگم صفیہ اسحاق سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین وحضرات کثیر تعداد میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نیازی نے کہا کہ قائداعظم نے اپنے کردار کے ذریعے ثابت کیا کہ وہی اس قوم کی قیادت کے حقدار تھے،ہمیں قائداعظمؒ کے افکارونظریات کا مطالعہ کرنا اور ان پر عمل کرنا چاہئے۔پروفیسر ہمایوں احسان نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد سے اب تک ہر دور میں پاکستان کی حیثیت فرنٹ لائن سٹیٹ کی رہی ہے، پاکستان نے دنیا کی خاطر بڑی قربانیاں دی ہیں دنیا ان قربانیوں کی قدر کرے۔

نوجوان دانشور میاں سلمان فاروق نے کہا کہ تعلیم کا مقصد ایک اچھا ،مکمل اور باصلاحیت انسان بنانا ہے ہمیں سائنس و ٹیکنالوجی کا مثبت استعمال کرنا چاہئے۔پروفیسر عزیز احمد ہاشمی نے کہا کہ پاک سرزمین کانظام ہمارے ایمان ویقین کے محور اللہ کی کتاب اور اللہ کے آخری رسولؐ کی تعلیمات پر عمل کرنا ہے یہی حصول پاکستان کی بنیاد ہے۔پروفیسر ڈاکٹر پروین خان نے کہا کہ پاکستان ایٹمی قوت اور اس کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔

محمد آصف بھلی نے کہا کہ نظریہٴ پاکستان نظریہٴ اسلام اور پاکستان کا حصار ہے، نظریہٴ پاکستان کے مخالف پاکستان کے مخالف ہیں۔شاہد رشید نے کہا کہ ملک میں حالیہ دہشت گردی کی لہر میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر ہمارے دل بہت افسردہ ہیں۔اس قوم کو کوئی شکست نہیں دے سکتا ہے۔ہمیں متحد ہو کر دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا ہے۔

متعلقہ عنوان :