عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بیگناہ لوگوں کا قتل عام بند کروائے ،چوہدری محمدیٰسین

بھارت کو بات پر مجبور کرے وہ اپنی پیش کردہ قرار دادوں کے تحت کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دے، دبئی میں استقبالیہ سے خطاب

جمعہ 17 فروری 2017 17:49

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) آزادجموںوکشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائدحزب اختلاف چوہدری محمدیٰسین نے کہا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ لوگوں کا قتل عام بند کروائے ۔اقوام متحدہ بھارت کو اس بات پر مجبور کرے کہ وہ اپنی پیش کردہ قرار دادوں کے تحت کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دے ۔ وہ آج یہاں دبئی میں چوہدری محمداخلاق ، چوہدری محمدظفر اور چوہدری مجید کی جانب سے دئیے گئے استقبالیہ تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے حالیہ واقعات ہمارے عزم کو پست نہیں کرسکتے ۔ درگاہ لعل شہباز قلندر پر ہونے والے خود کش دھماکے میں شہید ہونیوالوں کیلئے دعائے مغفرت کرتے ہیں ، ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان و آزادکشمیر میں نیشنل ایکشن پلان کو اس کی حقیقی روح کے مطابق نافذ کیاجائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز مظفرآباد میں بھی ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا ہے حکومت آزادکشمیر ان واقعات کی روک تھام کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر اپنی ذمہ داری سے عملدرآمد کروائے۔

آزادکشمیر میں علامہ تصور حسین نقوی پر ہونیوالا حملہ انتہائی افسوس ناک ہے ہم ان حملوں کی پرزورمذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ ان پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی فی الفور تحقیقات کروائی جائیں اور ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آزادکشمیر میں نیشنل ایکشن پلان کو اس کی حقیقی روح کے ساتھ نافذ کیاجائے اور اس پر عملدرآمد کیاجائے تا کہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ ہیں ۔ اور ہم مشترکہ طور پر اس دہشتگردی کو ختم کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں مسلم لیگ ن نے چھ ماہ میں جو انتقامی کارروائیاں کی ہیں وہ قابل افسوس ہیں ہم نے اپنے پانچ سالہ دور حکومت میں کسی کیخلاف کوئی سیاسی انتقام نہیں لیا۔ ہم نے ہمیشہ رواداری کی سیاست کو پروان چڑھایا ، لیکن موجودہ وزیراعظم دو تہائی اکثریت کے باوجود جن ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں ان کو دیکھتے ہوئے یہ بات نظرآرہی ہے کہ فاروق حیدر حکومت کے اب تھوڑے دن ہیں ۔

متعلقہ عنوان :