اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے سیمی کنڈیکٹر میٹیریلز اینڈ نینو ڈیوائسز کانفرنس کا آغاز

جمعہ 17 فروری 2017 17:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے سہ روزہ پانچویں بین الاقوامی سیمی کنڈیکٹر میٹیریلز اینڈ نینو ڈیوائسز کانفرنس کا آغاز ہو گیا۔ وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور و غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

کانفرنس میں امریکہ، چین اور الجیریا سے آئے ہوئے آٹھ ماہرین سمیت 122مندوبین شریک ہیں۔ وائس چانسلر ڈاکٹر قیصر مشتاق نے افتتاحی خطاب میں کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں تدریسی وتحقیقی سرگرمیوں کے معیار میں اضافہ کے لئے کثیر الجہتی لائحہ عمل کے تحت اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔گزشتہ دو برسوں میں نو بین الاقوامی کانفرنسیں منعقد کی جا چکی ہیں جن میں نامور ملکی اور غیر ملکی سکالر شریک ہوئے اور یونیورسٹی فیکلٹی اور طلبہ وطالبات کو اِن سے استفادہ کرنے کا موقع ملا۔

(جاری ہے)

سمسٹر کیلنڈر کے نفاذ کی بدولت جامعہ میں تدریسی سرگرمیوں میں نہ صرف گرانقدر اضافہ ہو ا ہے بلکہ معیار میں بھی بہتری آئی ہے۔ مختلف شعبوں میں اساتذہ کی کمی کو لگاتار آٹھ سلیکشن بورڈز کے انعقاد سے دور کر لیا گیا ہے۔ ان اقدامات کے نتیجے میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی جنرل کیٹیگری رینکنگ میں کل 73یونیورسٹیوں میں 11ویں پوزیشن آئی ہے جو صرف دو برس پہلے 51ویں پر تھی۔

وائس چانسلر نے سیمی کنڈیکٹر اور نینو ڈیواسز جیسے جدید موضوع پر ہونے والی کانفرنس کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ملکی اور غیر ملکی مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور منتظمین کو مبارک باد دی ۔ کانفرنس کے مرکزی منتظم پروفیسر ڈاکٹر محمد اصغر ہاشمی ڈین فیکلٹی آف سائنس نے اپنے خطاب میں کہا کہ 2008ء سے شروع ہونے والی یہ کانفرنس باقاعدگی سے منعقد ہو رہی ہے ۔ اس سلسلے میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کا تعاون لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کانفرنس کے انعقاد میں خصوصی تعاون اورسرپرستی پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ افتتاحی سیشن کے بعد ماہرین نے مختلف اہم سائنسی موضوعات پر مقالے پیش کئے ۔