کراچی ،پولیس کی جانب سے شہر کی حفاظت کیلئے ریڈالرٹ جاری کردیا گیا

ممکنہ خطرے کے پیش نظرعبد اللہ شاہ غازیؒ کے مزار سمیت مختلف علاقوں میں مزارات عام زائرین کے لیے بند کردیئے گئے

جمعہ 17 فروری 2017 17:13

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) پولیس کی جانب سے شہر کی حفاظت کے لیے ریڈالرٹ جاری کردیا گیا ہے، گذشتہ شب درگاہ لعل شہباز قلندر کے مزار میں دھماکے کے بعد آئی جی سندھ نے پولیس کو شہرِ قائد میں سیکیورٹی کو مزید چاک و چوبند رہنے کی ہدایات کی ہیں۔تفصیلات کے مطابق درگاہ لعل شہباز قلندر کے مزار میں دھماکے کے بعد کراچی میں ریڈالرٹ جاری کردیا گیا ہے، شہربھرمیں پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کردیے گئے ہیں اور اہم مقامات پرناکے بھی لگائے جارہے ہیں۔

مساجد،امام بارگاہوں اورپولیو مہم کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو مکمل کرلیا گیا ہے، پولیس نے ممکنہ خطرے کے پیش نظرعبد اللہ شاہ غازی کے مزار سمیت مختلف علاقوں میں مزارات عام زائرین کے لیے بند کرادیے ہیں۔

(جاری ہے)

آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی اقدامات کومزیدسخت اورٹھوس بنایا جائیں، ہرقسم کی اطلاع پر بروقت رسپانس یقینی بنایا جائے، مشتبہ افراد اور مشکوک یا لاوارث اشیا کی کڑی نگرانی کی جائے، مزارات اور درگاہوں کی سیکیورٹی کا لائحہ عمل فول پروف بنایا جائی.انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی پلان 2017 کا ازسرنوجائزہ لیا جائے، مضافاتی علاقوں پرخصوصی فوکس رکھا جائے،ایس ایچ اوزموبائلوں پرعلاقوں میں موجودگی کویقینی بنائیں، انہوں نے کہا کہ فرائض میں غفلت یالاپروائی ناقابل برداشت ہوگی۔

متعلقہ عنوان :