ملک دشمن بزدلانہ کارروائیوں سے دہشتگردی کیخلاف لڑی جانیوالی جنگ میں پاکستانی قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے‘ اپوزیشن رہنما

ایسے سانحات سے ڈرنے یا خوفزدہ ہونے کی بجائے ان سے مزید حوصلہ اور جذبہ لے کر آخری دہشتگردکے خاتمے تک ان کا پیچھا کیا جائیگا دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم اپنی افواج کی پشت پر ہے ،حکومت نیشنل ایکشن پر اس کی اصل روح کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنائے اب وقت آ گیا دہشتگردوں کے خلاف بلا تفریق اور بے رحم آپریشن شروع کئے جائیں،سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں کا رد عمل

جمعہ 17 فروری 2017 16:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) اپوزیشن جماعتوں نے دہشتگردی کی حالیہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے دہشتگردی کے خلاف لڑی جانے والی جنگ میں پاکستانی قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے ، ایسے سانحات سے ڈرنے یا خوفزدہ ہونے کی بجائے ان سے مزید حوصلہ اور جذبہ لے کر آخری دہشتگردکے خاتمے تک ان کا پیچھا کیا جائے گا ، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی افواج کی پشت پر ہے حکومت کو بھی چاہیے کہ اتفاق رائے سے طے پانے والے نیشنل ایکشن پر اس کی اصل روح کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنائے ۔

جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ ، مرکزی رہنما امیر العظیم ، صوبائی پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر وسیم اختر نے اپنے بیان میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے ہر سطح پر بھرپور اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

حکمران دہشتگردی کی کارروائیوںکے پیچھے چھپے اصل حقائق کو بے نقاب کرے اور اسے پوری قوم کے سامنے لایا جائے ۔

مسلم لیگ (ق) کے سینئر مرکزی رہنما چوہدری پرویز الٰہی ،سیکرٹری جنرل طاہر بشیر چیمہ، راجہ بشارت، چوہدری ظہیر الدین نے کہا کہ پاکستانی قوم ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے ہرگز خوفزدہ نہیں ہو گی ۔ دہشتگردی کے حالیہ واقعات پاکستانی قو م کے عزم اور ولولے کو کمزور نہیں کر سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہو گی ۔

(ق) لیگ کے رہنمائوں نے کہا کہ حکومت کی کمزور پالیسیاں دہشتگردی کی جنگ میں ناکامی کا باعث بن رہی ہے اب وقت آ گیا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف بلا تفریق اور بے رحم آپریشن شروع کئے جائیں۔ تحریک انصاف پنجاب کے سابق صدر اعجاز احمد چوہدری، قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید،وسطی پنجاب کے صدر عبد العلیم خان سینئر رہنما جمشید اقبال چیمہ اربن لاہور کے صدر،ولید اقبال ، لاہور کی نائب صدر مسرت جمشید چیمہ نے پورے ملک میں دہشتگردی کی حالیہ لہر کو پاکستان کے خلاف گہری سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو ان کارروائیوں کے تانے بانے سامنے لانے چاہئیں۔

دہشتگرد ایسی کارروائیوں سے پاکستان کو غیر محفوظ قرار دلوانا چاہتے ہیں لیکن ہمیں بطور قوم اس سازش کو ناکام بنانا ہے ۔ رہنمائوں نے کہا کہ دہشتگردی کے جڑ سے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پر اس کی اصل روح کے مطابق عملدرآمد نا گزیر ہے لیکن حکومت اس میں تاخیری حربے استعمال کام کر رہی ہے ۔حکومت دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کیلئے سنجیدہ دکھائی نہیں دیتی اور یہی وجہ ہے کہ ملک میں دوبارہ دہشتگردی نے زور پکڑ لیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث بیرونی قوتوں کو نہ صرف بے نقاب کرنا چاہیے بلکہ انہیںپوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے ۔ پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ ، جنرل سیکرٹری ندیم افضل چن ، سیکرٹری اطلاعات ندیم نواز ،فائزہ ملک نے دہشتگردی کی حالیہ لہر میں درجنوں شہادتوں پر انتہائی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے خاتمے کے دعوے کرنے والے حکمران آج خاموش کیوں ہیں ۔

حکومت کی ناقص اور کمزور پالیسیوں کے باعث دہشتگردوں کو کھل کھیلنے کا موقع ملا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں کے اتفاق رائے سے نیشنل ایکشن پلان ترتیب دیا گیالیکن حکمران اس پر عمل کرنے کیلئے ہی تیار نہیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ پورے ملک میں دہشتگردوں کے خلاف بلا تفریق آپریشن شروع کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :