حمیرا خاتون سیّد کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد

سینیٹر افراسیاب خٹک، ڈاکٹر عبدالباسط، بریگیڈیئر (ر) طارق میر، قیصر علوی، طاہرہ عبدالله، و دیگر نے خراج عقیدت پیش کیا

جمعہ 17 فروری 2017 16:41

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) معروف سماجی کارکن، خواتین کے حقوق کی علمبردار اور دانشور حمیرا خاتون سیّد کی یاد میں تعزیتی ریفرنس گذشتہ روز پریسٹن یونیورسٹی اسلام آباد میں منعقد ہوا جس کی صدارت مرحومہ کی صاحبزادی اور قائداعظم یونیورسٹی میں شعبہ تاریخ کی پروفیسر ڈاکٹر دشکا سیّد نے کی جبکہ سینیٹر افراسیاب خٹک، پریسٹن یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر عبدالباسط، غضنفر مہدی، سری لنکا میں پاکستان کے سابق سفیر بریگیڈیئر (ر) طارق میر، قیصر علوی، طاہرہ عبدالله، نازلی جاوید اور دیگر مقررین نے حمیرا خاتون سیّد کو خراج عقیدت پیش کیا۔

سینیٹر افراسیاب خٹک نے کہا کہ حمیرا خاتون ایک عظیم سوشل ورکر، علمی و ادبی شخصیت اور انتہائی شفیق انسان تھیں، انہیں شعر و ادب کا بہت شوق تھا، ان کی شخصیت جدیدیت اور روایت کا امتزاج تھی، انہیں ملک کے مستقبل سے دلچسپی تھی۔

(جاری ہے)

حمیرا خاتون سیّد مرحومہ کی صاحبزادی ڈاکٹر دشکا سیّد نے کہا کہ میری والدہ گھر کے اندر اور باہر ہر جگہ پر بہترین مثال اور ایک بہترین انسان تھیں۔

انہوں نے تمام عمر سماجی اور فلاحی کاموں کیلئے وقف کئے رکھی، انہیں اپنی شاعری اور نثر سے خاص لگائو تھا، وہ ایک زمانہ میں نیوز کاسٹر اور اداکاری کے شعبہ سے بھی وابستہ رہیں۔ پرسٹن یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر عبدالباسط نے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرحومہ حمیرا خاتون کی سماجی، علمی و ادبی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے مرحومہ کے درجات کی بلندی کی دعا کی اور توقع کی مرحومہ کے لواحقین اور جانشین مرحومہ کا مشن جاری رکھیں گے۔ تقریب کے اختتام پر حمیرا خاتون سیّد مرحومہ کی مغفرت کیلئے دعا کی گئی۔

متعلقہ عنوان :