بٹگرام، ٹیکسی ڈرائیوروں کا بے دخلی کے خلاف شاہراہ ریشم پر احتجاج

جمعہ 17 فروری 2017 16:38

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) بٹگرام میں ٹیکسی ڈرائیوروں نے ٹیکسی سٹینڈ سے بے دخلی کے خلاف شاہراہ ریشم پر احتجاجی مظاہرہ کیا، سڑک کو2گھنٹے تک ٹریفک کے لئے بند کیا گیا جس سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ضلعی انتظامیہ نے چند ہفتہ قبل ایک جج کے نوٹس پر شاہراہ ریشم کے اطراف قائم خود ساختہ ٹیکسی اڈوں کو ختم کر کے انہیں وہاں سے بے دخل کر دیا تھا جس پر ٹیکسی ڈرائیوروں نے سڑک پر اپنی گاڑیاں کھڑی کر کے سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا۔

اس موقع پر مظاہرین نے سڑک پر ٹائر جلا کر احتجاج کیا۔جس سے شاہراہ کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ مظاہرین کا موقف تھا کہ شاہراہ ریشم کے کنارے ٹیکسی گاڑیوں کو کھڑا کرنے کی اجازت دی جائے ورنہ احتجاج جاری رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پررکن صوبائی اسمبلی کے بھائی باچا خان، اہلسنت والجماعت کے صوبائی صدر عطاء محمد دیشانی، پی ٹی آئی کے نمائندے نیاز محمد خان تھاکوٹ، عمل شاہ اور جماعت اسلامی کے سابق امیر محمد رفیق اور دیگر بھی اظہار یکجہتی کے طور پر احتجاج میں شریک ہوئے۔جس پر ڈپٹی کمشنر بٹگرام سردار اسد ہارون نے موقع پر آ کر مظاہرین سے کامیاب مذاکرات کر کے عارضی طور پر ٹیکسی ڈرائیوروں کو پرانی جگہ پر گاڑیاں کھڑی کرنے کی اجازت دیدی۔

متعلقہ عنوان :