ایرون فنچ تیز ترین ہزار ٹی ٹونٹی رنز مکمل کرنے والے دنیا کے دوسرے بلے باز بن گئے

جمعہ 17 فروری 2017 16:22

میلبورن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) آسٹریلوی ٹی ٹونٹی ٹیم کے قائم مقام کپتان اور جارح مزاج اوپننگ بلے باز ایرون فنچ نے ٹی ٹونٹی کیریئر کے ہزار رنز مکمل کر لئے، وہ تیز ترین یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے دوسرے بلے باز بن گئے ہیں، فنچ نے 29 میچز میں ہزار رنز مکمل کئے، تیز ترین ہزار رنز مکمل کرنے کا عالمی اعزاز ویرات کوہلی کے پاس ہے، اس کے ساتھ ہی فنچ ہزار رنز مکمل کرنے والے تیسرے آسٹریلوی بلے باز بھی بن گئے ہیں، اس سے قبل ڈیوڈ وارنر اور شین واٹسن بھی یہ اعزاز پا چکے ہیں، وارنر نے 1686 اور واٹسن نے 1462 رنز بنا رکھے ہیں۔

(جاری ہے)

فنچ نے 2011ء میں ٹی ٹونٹی کیریئر کا آغاز کیا اور گزشتہ روز جب وہ سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی میچ کیلئے میدان میں اترے تو انہیں ہزار رنز مکمل کرنے کیلئے 26 رنز درکار تھے، انہوں نے 43 رنز کی اننگز کھیلی اور اس کے ساتھ ہی ہزار رنزوں کے ہندسے کو بھی عبور کیا۔ فنچ نے 1017 رنز بنا رکھے ہیں۔ واضح رہے کہ فنچ کو ٹی ٹونٹی کرکٹ کی تاریخ میں انفرادی طور پر بڑی اننگز کھیلنے کا عالمی اعزاز بھی حاصل ہے، انہوں نے 156 رنز کی اننگز کھیل کر یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :