سینیٹ نے ہندو میرج بل 2016 کی متفقہ طور پر منظوری دیدی

قومی کمیشن برائے حقوق اطفال بل ،پاکستان ائیرفورس ترمیمی بل اور کمپنیات بل متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کو ریفر

جمعہ 17 فروری 2017 15:27

سینیٹ نے ہندو میرج بل 2016 کی متفقہ طور پر منظوری دیدی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 فروری2017ء) ایوان بالا نے ہندو خاندانو ںکی شادیوں کے اہتمام اور ان سے منسلک اور ذیلی معاملات کیلئے قانون وضع کرنے کے بل ہندو میرج بل 2016 کی متفقہ طور پر منظوری دے دی جبکہ قومی کمیشن برائے (حقوق اطفال بل 2017) ،پاکستان ائیرفورس (ترمیمی بل 2017) اور کمپنیات بل 2017 متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کو ریفر کر دیئے گئے۔

جمعہ کو ایوان بالا میں وزیر قانون زاہد حامد نے کمپنیات بل 2017ایوان میں پیش کیا۔چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کو ریفر کردیا۔وزیرقانون زاہد حامد نے وزیردفاع خواجہ آصف کی جگہ پاکستان ائیرفورس ایکٹ 1953 میں ترمیم کا بل ایوان میں پیش کیا جو متعلقہ قائمہ کمیٹی کو ریفر کردیا گیا۔وزیرقانون زاہد حامد نے بچوں کے حقوق اور ان سے منسلک یا ذیلی معاملات پر قومی کمیشن کی تشکیل کے اہتمام کا بل (قومی کمیشن برائے حقوق اطفال بل 2017) ایوان میں پیش کیا جس کو چیئرمین سینیٹ نے متعلقہ قائمہ کمیٹی کو ریفر کردیا۔

(جاری ہے)

وزیر قانون زاہد حامد نے ہندو خاندانوں کی شادیوں کے اہتمام اور ان سے منسلک ذیلی معاملات کیلئے قانون وضع کرنے کا بل (ہندو میرج بل 2016) کو متفقہ طور پر منظور کرلیا۔اجلاس میں سینیٹر ستارہ ایاز نے سینیٹر حافظ حمد اللہ کی جانب سے ملک میں خواجہ سرائوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کے حوالے سے کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کی جبکہ سینیٹر الیاس بلور نے گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس بل 2015کے حوالے سے خصوصی کمیٹی کی رپورٹ بھی ایوان میں پیش کی۔اجلاس میں سینیٹر نزہت صادق نے وزارت خارجہ کے بجٹ پر وسط سال کا جائزہ ایوان میں پیش کیا