ملک بھر میں دہشتگردی کی حالیہ لہر کے بعد کارروائیاں تیز ، 41 دہشتگرد مارے گئے

پشاور، بنوں، لاہور، ساہیوال، کوئٹہ،کاٹھور اورزیارت میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مقابلوں میں 33دہشتگرد ہلاک ہوئے اورکرزئی ایجنسی میں سیکورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں جھڑپ 6 شدت پسند ہلاک،سیکورٹی فورسز نے خیبر ایجنسی میں چوکی پر سرحدپار سے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا،دشمنوں کو بھرپور جواب، متعدد دہشتگرد ہلاک اور زخمی ہوئے،آئی ایس پی آر

جمعہ 17 فروری 2017 12:04

ملک بھر میں دہشتگردی کی حالیہ لہر کے بعد کارروائیاں تیز ، 41 دہشتگرد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 فروری2017ء) ملک میں دہشت گردی کی حالیہ لہر کے بعد سیکیورٹی فورسز نے تخریب کاروں کے خلاف کارروائیاں تیز کر کے چند گھنٹوں کے دوران 41 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔جمعہ کو ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز کے ساتھ مقابلے میں ایک گھنٹے کے دوران 18 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

کراچی میں منگھو پیر کے علاقے زیارت میں سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران 11 دہشت گرد ہلاک ہوئے جب کہ مقابلے میں 2 اہلکار زخمی بھی ہوئے، دہشت گردوں کے قبضے سے آٹو میٹک مشین گن اور بڑی مقدار میں گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں کا قافلہ سیہون میں امدادی سرگرمیاں انجام دینے کے بعد واپس آ رہا تھا کہ کاٹھور کے قریب دہشت گردوں نے قافلے پر حملہ کردیا جس میں ایک اہلکار زخمی ہو گیا، رینجرز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ رینجرزکی مزید نفری کاٹھور روانہ کر دی گئی ۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق اورکرزئی اجنسی کے علاقہ غلوچینہ میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ میں 6 شدت پسند ہلاک ہوئے جب کہ پشاور کے علاقے ریگی میں سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے فورسز پر حملہ کیا، جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ اس کے علاوہ خیبر اجنسی میں پاکستانی چوکی پر افغانستان کی جانب سے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے دشمنوں کو بھرپور جواب دیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افغانستان سے دہشت گردوں نے خیبر ایجنسی میں پاکستانی چوکی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 2 اہلکار زخمی ہوئے جبکہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں متعدد دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوئے۔ بنوں میں بھی تھانہ بگا خیل کے علاقے مروت کینال کے میں سیکورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

سیکیورٹی فورسز کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور افغانی و عراقی کرنسی بھی برامد ہوئی۔ گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس موبائل پر فائرنگ کرنے والے 2 دہشت گرد ناکے پر سیکورٹی فورسزز کی فائرنگ سے ہلاک اور ایک دہشت گرد زخمی بھی ہوا جسے اس کے ساتھی ہمراہ لے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 2 دستی بم اور پستول برامد ہوا۔

لاہور میں فیصل آباد بائی پاس کے قریب ریڈ کے دوران دہشت گردوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کر دی، جوابی کارروائی میں 2 دہشتگرد ہلاک ہو گئے جن کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ۔ سرگودھا میں بھی پولیس اور سینڑل ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے کاروائی کر کے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر کے ان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برامد کرلیا۔ کوئٹہ کے نواحی علاقے درخشاں اسکیم میں ایف سی اور پولیس نے دہشت گردوں کے کمپاؤنڈ پر چھاپہ مارا تو شدت پسندوں نے ان پر فائر کھول دیا جس کے نتیجے میں 2 ایف سی اہلکار زخمی ہو گئے۔

ایف سی اور پولیس کی جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے اور کمپاؤنڈ سے بڑی مقدار میں اسلحہ و بارود بھی قبضے میں لے لیا گیا۔ دیر بالا کے علاقے شنگاڑہ درہ میں سکیورٹی فورسز سے جھڑپ میں دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔