صیہونی حکومت کے ایٹمی ہتھیاروں کے ذخائر عالمی امن کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہیں،ایران

جمعہ 17 فروری 2017 11:08

صیہونی حکومت کے ایٹمی ہتھیاروں کے ذخائر عالمی امن کے لئے سب سے بڑا خطرہ ..
تہران۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) ایران نے صیہونی حکومت کے ایٹمی ہتھیاروں کے ذخائر کو عالمی امن کے لئے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔پریس ٹی وی کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کے بارے میں امریکی صدر ٹرمپ اور صیہونی حکومت کے وزیراعظم نتن یاہو کے بے بنیاد دعوؤں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے پاس سیکڑوں ایٹمی وارہیڈز موجود ہیں جو مشرق وسطی اور پوری دنیا کی سلامتی کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ بے بنیاد دعوؤں اور بیانات کی تکرار ایک ایسی حکومت کی طرف سے کی جا رہی ہے جو کسی بھی بین الاقوامی قانون کی پابندی نہیں کرتی اور جو مظلوم فلسطینی عوام اور اپنے ہمسایہ ملکوں کے خلاف غیرانسانی اقدامات اور جرائم کا ارتکاب کرکے بے شمار سیاہ کارناموں کی تاریخ رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت کے سیاہ کارناموں کی بارہا اقوام متحدہ کی رپورٹوں میں بھی صراحت کے ساتھ نشاندہی کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور بنجمن نیتن یاہو نے اپنی مشترکہ پریس کانفرنس میں جو باتیں کی ہیں ان میں ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کے بارے میں بے بنیاد اور من گھڑت باتوں کے علاوہ اور کوئی نئی بات نہیں ہے۔ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایران کے خلاف یہ دعوے ایک ایسے وقت پھر دہرائے گئے ہیں جب آئی اے ای اے نے بارہا اپنی رپورٹوں میں ایران کے ایٹمی پروگرام کے پرامن ہونے کی تصدیق کی ہے۔ترجمان نے کہا کہ بلاشبہ ایران ایٹمی سمجھوتے کے مطابق کہ جس کی تائید سلامتی کونسل نے بھی کی ہے، اپنے ایٹمی پروگرام کو پوری سنجیدگی اور قوت کے ساتھ جاری رکھے گا۔

متعلقہ عنوان :