اقوام متحدہ کا مشرقی موصل کے لییامدادی کارروائیاں عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان

جمعہ 17 فروری 2017 11:08

اقوام متحدہ کا مشرقی موصل کے لییامدادی کارروائیاں عارضی طور پر معطل ..
اقوام متحدہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ سلامتی کے خدشات کے باعث اس نے عراق میں مشرقی موصل کے لیے اپنی امدادی کارروائیوں کو عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔وائس آف امریکا کے مطابق گزشتہ ہفتے ہی عراق فورسز نے اس علاقے کا قبضہ شدت پسند تنظیم سے واگزار کروایا تھا۔اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کام کرنے والے ادارے نے کہا ہے کہ رواں ہفتے معطل کی جانے والی سرگرمیاں جلد بحال کر دی جائیں گی۔

(جاری ہے)

ادارے کی عراق کے لیے معاون لز گرانڈی کا کہنا تھا کہ عدم تحفظ کی اطلاعات کی بنیاد پر اقوام متحدہ نے فیصلہ کیا تھا کہ ہم موصل کے مشرقی حصوں کے لیے اس وقت تک مشن نہیں بھیجیں گے جب تک ہم سکیورٹی کی صورتحال کا از سرنو جائزہ نہیں لے لیتے۔انھوں نے مزید کہا کہ یہ جائزہ لیا جا چکا ہے اور ہمیں توقع ہے کہ جتنا جلد ممکن ہو سکا، ممکنہ طور پر آئندہ ہفتے کے لگ بھگ دوبارہ سرگرمیاں شروع ہو جائیں گی۔واضح رہے کہ امریکا کی حمایت یافتہ عراقی فورسز موصل کے مغربی حصے کے گرد جمع ہو رہی ہیں اور آنے والے دنوں میں داعش کے خلاف تازہ کارروائی شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :