لال شہبازقلندرکے مزار پرخودکش حملہ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 78ہوگئی- افغان سفارت خانے کے حکام کو جی ایچ کیو میں طلب کرکے افغانستان میں پناہ لینے والے76 مطلوب دہشت گردوں کی فہرست حوالے کردی گئی-قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ملک کے مختلف حصوں میں کاروائیوں کے دوران 39 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعوی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 17 فروری 2017 10:25

لال شہبازقلندرکے مزار پرخودکش حملہ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 78ہوگئی- ..
کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔17 فروری۔2017ء) معروف صوفی بزرگ لال شہبازقلندرکے مزار پرخودکش حملہ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 78ہوگئی ہے جبکہ250سے زائد زخمی مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں-تفصیلات کے مطابق جامشورو اور دادو کے ہسپتالوں میں زیرعلاج مزید8زخمی چل بسے ہیں جن سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد78تک جاپہنچی ہے‘ہلاک ہونے والوں میں عورتوں اور بچوں کی بڑی تعداد کے علاوہ ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار بھی شامل ہیں -دوسری جانب پاک فوج کی ہائی کمان کی جانب سے افغان سفارت خانے کے حکام کو جی ایچ کیو میں طلب کرکے افغانستان میں پناہ لینے والے76دہشت گردوں کی فہرست حوالے کی گئی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر، میجرجنرل آصف غفورکے مطابق افغانستان میں پناہ لینے والے76دہشت گردوں کی فہرست افغان سفارتکارکو دےدی گئی اورمطالبہ کیا گیا ہے کہ افغانستان میں چھپے 76دہشت گردوں کے خلاف ایکشن لیاجائے ،اگر ایکشن نہیں لے سکتا تو انہیں ہمارے حوالے کیا جائے۔

(جاری ہے)

ادھر ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافے پر قانون نافذکرنے والے اداروں کا ردعمل بھی سامنے آیا ہے اور جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ملک کے مختلف حصوں میں کاروائیوں کے دوران 39 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعوی سامنے آیا ہے۔

کراچی میں رینجرزکا کہنا ہے انہوں نے مقابلے میں 18 دہشت گرد ہلاک کیا ہے جبکہ رینجرز کے 3 اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز کے ساتھ مقابلے میں ایک گھنٹے کے دوران 18 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ کراچی میں منگھو پیر کے علاقے زیارت میں سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران 11 دہشت گرد ہلاک ہوئے جب کہ مقابلے میں 2 اہلکار زخمی بھی ہوئے، دہشت گردوں کے قبضے سے آٹو میٹک مشین گن اور بڑی مقدار میں گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق سیکورٹی اہلکاروں کا قافلہ سیہون میں امدادی سرگرمیاں انجام دینے کے بعد واپس آ رہا تھا کہ کاٹھور کے قریب دہشت گردوں نے قافلے پر حملہ کردیا جس میں ایک اہلکار زخمی ہو گیا، رینجرز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ رینجرزکی مزید نفری کاٹھور روانہ کر دی گئی ہے۔ قبائلی علاقے اورکرزئی ایجنسی کے علاقہ غلوچینہ میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ میں 6 شدت پسند ہلاک ہوئے جب کہ پشاور کے علاقے ریگی میں سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے فورسز پر حملہ کیا، جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

اس کے علاوہ خیبر ایجنسی میں پاکستانی چوکی پر افغانستان کی جانب سے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے دشمنوں کو بھرپور جواب دیا گیا۔ بنوں میں بھی تھانہ بگا خیل کے علاقے مروت کینال کے میں سیکورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ سیکیورٹی فورسز کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور افغانی و عراقی کرنسی بھی برامد ہوئی۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس موبائل پر فائرنگ کرنے والے 2 دہشت گرد ناکے پر سیکورٹی فورسزز کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے ۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 2 دستی بم اور پستول برامد ہوا۔ پنجاب میںلاہور میں فیصل آباد بائی پاس کے قریب ریڈ کے دوران دہشت گردوں نے سیکورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کر دی، جوابی کارروائی میں 2 دہشتگرد ہلاک ہو گئے جن کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

سرگودھا میں بھی پولیس اور سینڑل ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے کاروائی کر کے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر کے ان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برامد کرلیا۔ کوئٹہ کے نواحی علاقے درخشاں اسکیم میں ایف سی اور پولیس نے دہشت گردوں کے کمپاو¿نڈ پر چھاپہ مارا تو شدت پسندوں نے ان پر فائر کھول دیا جس کے نتیجے میں 2 ایف سی اہلکار زخمی ہو گئے۔ایف سی اور پولیس کی جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے اور کمپاو¿نڈ سے بڑی مقدار میں اسلحہ و بارود بھی قبضے میں لے لیا گیا۔

لال شہبازقلندرکے مزار پرخودکش حملہ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 78ہوگئی- ..