سپرنٹنڈنٹ اور عملہ کسی بھی طالب علم کو نقل کرنے کی اجازت نہ دیں ،جوبھی نقل کا مرتکب ہو ان کے پیپر منسوخ کئے جائیں ،میں امتحان کی خود مانیٹرنگ کروں گا،امتحانی عملے کی غفلت کو بھی برداشت نہیں کروں گا،ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالخالق مندوخیل

جمعہ 17 فروری 2017 00:00

کوئٹہ۔16فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء)ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالخالق مندوخیل نے زیارت میں میٹرک کے امتحانی سینٹر کا دورہ کیا اس موقع پر انہوں نے طلباء کے پیپر چیک کئے اور سپرنٹنڈنٹ اور عملہ کو سخت تاکید کی کہ وہ کسی بھی طالب علم کو نقل کرنے کی اجازت نہ دیں ،جوبھی نقل کا مرتکب ہو ان کے پیپر منسوخ کئے جائیں ،میں امتحان کی خود مانیٹرنگ کروں گا،امتحانی عملے کی غفلت کو بھی برداشت نہیں کروں گا۔

ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالخالق مندوخیل نے اس موقع پرکہا کہ نقل ایک ناسور ہے ،نقل ہمارے معاشرے کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے ،نقل کرنے والوں کا مستقبل تاریک ہوتا ہے ،نقل کرنے والے عملی زندگی میں مشکلات کا شکارہوتے ہیں اور آج کے مقابلے کے دورمیں باعزت زندگی نہیں گزار سکتے ،نقل سے پاس ہونے والے ہمیشہ مشکلات کا شکار ہوتے ہیں اور عملی زندگی میں مقابلے کے امتحانات میں مایوسی کا شکار ہوجاتے ہیں،ہمیں اپنے بچوں کے مستقبل کی فکر کرنی چاہیے اور ان کو ایک بہتر مستقبل کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم سب کو نقل کے خلاف عملی طور پر جہاد کرنا ہوگا اور اپنے بچوں کے سنہرے مستقبل کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا ،کیونکہ تعلیم کے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا،تعلیم ترقی کا زینہ ہے اور معیاری تعلیم کو فروغ دیکر ہی ملک وقوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں وہ اپنے فرائض ایمانداری اور لگن سے ادا کریں ضلع زیارت میں نااہل اور اپنی ڈیوٹیوں کو ادا نہ کرنے والے اساتذہ کے لیے کوئی جگہ نہیں ان کے خلاف بھرپور کاروائی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے نقل سے پاک بلوچستان کا جو نعرہ لگایا تھا اس کو عملی جامہ پہنایا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع زیارت میں تعلیمی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ،حکومت بلوچستان تعلیم کی بہتر ی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے اور اس سلسلے میں بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں۔