لاہور، ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری

صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے حلف لیا

جمعرات 16 فروری 2017 23:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 فروری2017ء) صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے مطالبات کو جائز تسلیم کرتے ہوئے عدالت آپ کے حق میں ہے مگر معاملہ عدالت میں زیرسماعت ہونے کے باعث چند منٹوں کی خوشی یا آپ کی تالیوں کی گونج سننے کی خاطر عام سیاستدانوں کی طرح کوئی جھوٹا وعدہ نہیں کرناچاہتا۔

انہوں نے کہا کہ میرا تعلق اُس خانوادے کے ساتھ ہے جہاں پر جھوٹ کی کوئی گنجائش ہی نہیں ہے اس لئے عدالت کے فیصلے سے قبل میں آپ سے کوئی ایسی بات نہیں کروں گا جو میرے دائرہ اختیار سے باہر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ البتہ میں ون ٹائم بونس اور سال میں 2 ملازمین کو محکمانہ طور پر حج کروائے جانے کا اعلان کرتاہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر میں عدالت کے فیصلے سے قبل کوئی اعلان کروں اور فیصلہ ہماری سوچ کے خلاف نکلے تو میری کہی ہوئی بات کی اہمیت ختم ہو جائے گی آپ لوگ مجھے پیرکاب کہتے ہو تو یہ بھی سمجھو کہ پیر جھوٹ نہیں بولا کرتے۔

انہوں نے کہا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ آپ کے جائز مطالبات کو تسلیم کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں 5 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ کمیٹی میں 2 آپ کے نمائندے جبکہ 3 محکمے کے نمائندگان شامل کیے گئے۔ محکمہ کی جانب سے سینئر نمائندہ میں خود ہوں اور میراووٹ بھی آپ کے پلڑے میں ہوگا۔ آپ لوگ اپنا دل چھوٹا نہ کریں مطمئن رہیں۔ آپ کی ڈیمانڈ جائزہے مگر فی الوقت عدالت میں زیرسماعت ہے ابھی کچھ وقت لگ سکتا ہے۔ (سعید)