سیاسی و سماجی رہنمائوں کی فوجی قافلے اور لعل شہباز قلندر کے احاطے میں دھماکے کی مذمت

کب تک لاشیں اٹھائیں گی:پیر ہارون علی گیلانی،ناصر اقبال خان،عبداللہ گل،محمد شاہد محمود

جمعرات 16 فروری 2017 23:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 فروری2017ء) سیاسی و سماجی رہنمائوں نیبلوچستان کے علاقے آواران میںفوجی قافلے کے قریب دھماکے اور سیہون شریف میںلعل شہباز قلندر کے دربار کے احاطے میں دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اورکیپٹن طہ اور فوجی جوانوں کی شہادت اور زائرین کے جاں بحق و زخمی ہونے پر پر دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کو ملک بھر میں پھیلایا جائے۔

پاکستانی قوم کب تک شہداء کی لاشیں اٹھاتی رہے گی۔ملک کا کوئی حصہ محفوظ نہیں۔پانچ دنوں میں سات دھماکے ہو چکے ہیں۔مصلحت پسندی کا دور ختم ہو چکا،دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کاروائی کی جا ئے ۔ان خیالات کا اظہارہدیة الھادی پاکستان کے چیئرمین پیر سید ہارون علی گیلانی،ہیومین رائٹس موومنٹ کے مرکزی صدر ناصر اقبال خان،رائٹرز گلڈ آف اسلام کے معاون حکیم منصور العزیز،تحریک جوانان پاکستان و کشمیر کے چیئرمین عبداللہ حمید گل،ورلڈ کالمسٹ کلب پنجاب کے نائب صدر محمد شاہد محمود،سیکرٹری اطلاعات نسیم الحق زاہدی،انجمن اتحاد المسلمین پاکستان کے صدر شبیر احمد ہاشمی،پاکستان فیڈرل کالمسٹ لاہور کے رہنما محمد راشد تبسم و دیگر نے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

رہنمائوں نے کہا کہ سانحہ لاہور کے بعد کوئٹہ،پھر پشاور اور اب آواران اور سیہون شریف ،ہر روز دھماکے ہو رہے ہیں ۔دہشتگردی کی وارداتوں میں دن بدن اضافہ انتہائی تشویش ناک اور لمحہ فکریہ ہے۔ملک دشمن بیرونی قوتیں پاکستان کاامن خراب کرنے کی کوششیں کررہی ہیں۔جب تک ان عناصر کاقلع قمع کرنے کے لیے سنجیدگی سے اقدمات نہیں کیے جاتے ملکی حالات بہترنہیں ہوسکتے۔

دھماکوں میں قیمتی جانوں کاضیاع انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔دہشتگردوں کی بزدلانہ کاروائیاں ملت اسلامیان پاکستان کے عزم وحوصلے کو ختم نہیں کرسکتیں۔سیاسی وعسکری قیادت معصوم اور بے گناہ جانوں کے ساتھ کھیلنے والوں کو مقام عبرت تک پہنچائے۔انہوں نے سوگوار خاندانوں سے ہمدرد ی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے - رہنمائوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی بھی دعاکی ہے ۔

متعلقہ عنوان :