وفاقیوزیرِ داخلہ چوہدری نثار سے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو کی ملاقات،پاک برطانیہ تعلقات ، سیکیورٹی سمیت مختلف امور میں جاری تعاون کا جائزہ اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

جمعرات 16 فروری 2017 17:15

وفاقیوزیرِ داخلہ چوہدری نثار سے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو کی ملاقات،پاک ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 فروری2017ء) وفاقیوزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان سے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے ملاقات کی جس میں پاک برطانیہ تعلقات ، سیکیورٹی سمیت مختلف امور میں جاری تعاون کا جائزہ اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ترجمان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران برطانوی ہائی کمشنر کی حالیہ دھماکوں کی مذمت اور قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ۔

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اس موقع پر کہا کہ وقت آگیا ہے کہ دونوں ملکوں کے مستحکم تعلقات کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے اور باہمی تحفظات کا ازالہ کرتے ہوئے مضبوط اور ہمہ جہتی پارٹنرشپ کے لئے مل کر کام کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا ناسور کسی ایک ملک کے لئے نہیں بلکہ علاقائی اور عالمی امن کے لئے سنگین خطر ہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ طویل ضرور ہے مگر پاکستان اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے پر عزم ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ضروری ہے کہ اس جنگ میں عالمی قوتیں اور دیگر ممالک اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں۔برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ حکومت برطانیہ اور برطانوی عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اس سلسلے میں ہر ممکنہ تعاون جاری رہے گا۔