Live Updates

قطری خط کی کہانی دیو مالائی داستان ہے ،10 دن میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائیگا،فواد چودھری

وزیراعظم اوران کے بچوں کا موقف آپس میں نہیں ملتا ،ْدانیال عزیز اپنی استطاعت کے مطابق چیلنج کریں، وہ صرف فیاض الحسن چوہان سے ہی مناظرہ کرلیں، ترجمان تحریک انصاف کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 16 فروری 2017 14:54

قطری خط کی کہانی دیو مالائی داستان ہے ،10 دن میں دودھ کا دودھ اور پانی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے کہا ہے کہ قطری خط کی کہانی دیو مالائی داستان ہے ،10 دن میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائیگا۔ وزیراعظم اوران کے بچوں کا موقف آپس میں نہیں ملتا، دانیال عزیز اپنی استطاعت کے مطابق چیلنج کریں، وہ صرف فیاض الحسن چوہان سے ہی مناظرہ کرلیں۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ سماعت کے دوران جج صاحبان نے حسین نواز کے وکیل سے یہ ثابت کرنے کو کہا ہے کہ ان کے موکل ہی لندن فلیٹس کے بینیفشل آنر ہے، سپریم کورٹ میں پیش کی گئیں دستاویزات سے ثابت ہوگیا حسین نوازکمپنیوں کے مالک نہیں، انہوں نے کہا کہ ان کے پاس 2006 کی دستاویزات بھی موجود نہیں، قطری خط کی کہانی دیو مالائی داستانیں ہیں، عدالت میں مضحکہ خیز دلائل پیش کئے جارہے ہیں لیکن 10 دن میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے عمران خان کی 1983 سے منی ٹریل دی ہے جبکہ (ن) لیگ بہانے بازی سے کام لے رہی ہے،انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے بیٹوں کے وکیل بھی اپنے دعوے سے پیچھے ہٹ گئے ہیں، سلمان اکرم راجا نے بتایا ہے کہ مریم نوازصرف 4 ماہ ٹرسٹی رہیں جبکہ وزیراعظم کا موقف اوربچوں کا موقف آپس میں نہیں ملتا۔ انہوں نے کہا کہ دانیال عزیز اپنی استطاعت کے مطابق چیلنج کریں، وہ صرف فیاض الحسن چوہان سے ہی مناظرہ کرلیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات