سندھ کے ضلع گھوٹکی سے گیس کے ایک بڑے ذخیرے کے دریافت کا اعلان

جمعرات 16 فروری 2017 14:52

سندھ کے ضلع گھوٹکی سے گیس کے ایک بڑے ذخیرے کے دریافت کا اعلان
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2017ء) سندھ کے ضلع گھوٹکی سے گیس کے ایک بڑے ذخیرے کے دریافت کا اعلان کیا گیا ہے یہ اعلان ماری پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ (ایم پی سی ایل)کی جانب سے گزشتہ روز کیا گیا۔کمپنی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سندھ کے علاقے گھوٹکی میں جاری گیس کی تلاش کامیابی سے ہم کنار ہوئی ہے ماری ڈیولپمنٹ اور لیز ایریا کے شاہین ون نامی ایکسپلوریشن ویل میں قابل ذکر تعداد میں گیس کا ذخیرہ دریافت ہوا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ بالا کنویں کی ابتدائی کھدائی پانچ جنوری کو شروع ہوئی تھی اوراس میں کامیابی کے ساتھ ایک ہزارایک سو پچھتر فٹ کی گہرائی تک کھدائی کی جاچکی ہے جہاں چونا پتھر وافرمقدارمیں موجود ہے۔کمپنی کے چیف ایگزیکٹو اشفاق ندیم احمد نے بتایا کہ اس ذخیرے میں موجود نئے امکانات کی مختلف سطحوں پر موجودگی کی سیسمک ڈیٹا سے شناخت کی گئی ہے اور کمپنی ان کے لیے آئندہ دو سے تین سال میں ڈرلنگ کا ارادہ رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

کمپنی کے مطابق ماری ڈی اینڈ پی لیز ایریا میں انتہائی ایڈوانس ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے تھری ڈی سیسمک ڈیٹا مرتب کیا گیا ہے جس کی مدد سے یہ دوسری کامیابی ملی ہے۔ماری پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ کے مطابق وہ ہائیڈرو کاربن کے نئے ذخائر تلاش کرتے رہیں گے تاکہ ملک کی بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات کو مقامی ذرائع سے پورا کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :