میئرکراچی کی پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں منعقد کرانے کی پیش کش

اگر پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں منعقد کیا جائے تو تمام ذمہ داری قبول کرنے کو تیار ہوں، وسیم اختر آج پاکستان جس قسم کے حالات سے نبردآزما ہے اس میں اتحاد کی اشد ضرورت ہے جو اسپورٹس کے ذریعے سے ممکن ہے، میرین اکیڈمی میں میڈیا سے بات چیت

جمعرات 16 فروری 2017 14:46

میئرکراچی کی پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں منعقد کرانے کی پیش کش
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2017ء) میئرکراچی وسیم اختر نے پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں منعقد کرانے کی پیش کش کرتے ہوئے کہاہے کہ اگر پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں منعقد کیا جائے تو تمام ذمہ داری قبول کرنے کو تیار ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پاکستان میرین اکیڈمی میں دوسرے انٹریونیورسٹی اسپورٹس گالاکی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر گورنربلوچستان بھی موجودتھے۔اسپورٹس گالا میں ملک بھر کی 16 جامعات کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہاکہ اس قسم کے اسپورٹس ایونٹس کی ملک کو بہت ضرورت ہے، آج پاکستان جس قسم کے حالات سے نبردآزما ہے اس میں اتحاد کی اشد ضرورت ہے جو اسپورٹس کے ذریعے سے ممکن ہے۔

(جاری ہے)

ہمارے ملک کو اسپورٹس گالا جیسے ایونٹس کی شدید ضرورت ہے، ایسے ایونٹس کے انعقاد میں زیادہ اخراجات بھی نہیں ہوتے لیکن ان کے دور رس فوائد ہوتے ہیں۔

پاکستان میرین اکیڈمی کے ساتھ اس طرح کے ایونٹس مزید کریں گے تاکہ پر امن پاکستان کے ساتھ پرامن کراچی کی عکس بندی بھی ہو۔انہوں نے پاک بحریہ کی خدمات پر ان کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیوی کی امن مشقیں خوش آئند ہیں، جس کے ذریعے سے دشمن کو پیغام گیا ہے، وہ اپنے ناپاک ارادوں سے باز رہے۔انہوں نے کہاکہ وہ گزشتہ روز ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعات کی پرزور مذمت کرتے ہیں، موجودہ حالات میں ہمیں متحد ہونا ہوگا۔

پی ایس ایل کے حوالے سے میئر کراچی نے کہا کہ اگر موجودہ واقعات کی وجہ سے بین الاقوامی کھلاڑی پاکستان نہ بھی آئیں تب بھی پی ایس ایل کا فائنل ملک میں ہی ہونا چاہیے، وہ پی سی بی کو پیشکش کرتے ہیں کہ اگر پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں کرائیں تو وہ اس کی تمام تر ذمہ داری لینے کے لیے تیار ہیں۔وسیم اختر نے کہاکہ کراچی میں اگر فائنل ہوتا ہے تو یہ بڑی کامیابی ہوگی۔

پاکستان میں خوشیاں بہت کم رہ گئی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کھیلوں کے مقابلے اضلاع کی سطح پر منعقد کئے جائیں۔ وسیم اختر نے کہاکہ حکومت سندھ کی جانب سے تاجروں کے کو فنڈز دینے کا علم نہیں لیکن اگر ایسا ہے تو وہ بھی یقینا کراچی پر ہی خرچ ہو گا۔انہوں نے کہاکہ 100روزہ مہم میں پورے کراچی کی صفائی نہیں تھی بلکہ مخصوص یوسیز میں کرنا تھی جو ہوئی ہے۔ پاک بحریہ کی جانب سے یونیورسٹی اسپورٹس گالا کا انعقاد کیا گیا، جس میں 16 جامعات کی ٹیموں نے حصہ لیا، مئیر کراچی اور گورنر بلوچستان نے تقریب میں شرکت کی.