حکومت نے ہر شعبے میں سرکاری اداروں کے استعداد کارکوبہتربنانے کے لئے اقدامات کئے ہیں،اقبال حسن

جمعرات 16 فروری 2017 13:54

حکومت نے ہر شعبے میں سرکاری اداروں کے استعداد کارکوبہتربنانے کے لئے ..
استور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 فروری2017ء)گلگت بلتستان کے صوبائی وزیراطلاعات ومنصوبہ بندی وترقیات اقبال حسن نے کہاہے کہ صحت کے سہولیات کوحکومت ترجیحی بنیادوں پربہتربنارہی ہے ،حکومت نے ہرشعبے میں سرکاری اداروں کے استعداد کارکوبہتربنانے کے لئے اقدامات کئے ہیں ،تعلیم،صحت اورتوانائی کے میدان میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

ان خیالات کااظہارانہوںنے میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اقبال حسن نے کہاکہ رواں سال ہماراعزم یہ ہے کہ سرکاری ہسپتالوں ،ڈسپنسریاں ،سکولز اوردیگر بنیادی ضروریات کامعیار بلندکیاجائے ۔انہوںنے کہاکہ حکومت گلگت بلتستان کی جانب سے رواں مالی سال میں توانائی کے شعبے میں صوبائی بجٹ سے ایک سو سترہ منصوبے شامل کئے جاچکے ہیں جن میں 98منصوبوں پرپہلے سے ہی کام جاری ہے ،17نئے منصوبوں کوبھی اے ڈی پی میں شامل کیاجاچکاہے اوریہ منصوبے مکمل ہونے کے بعد تمام اضلاع میں بجلی کی فراہمی صورتحال میں نمایاں بہتری آئیگی جبکہ صحت کے شعبے میں 34 نئی سکیموں کوبھی اے ڈی پی کاحصہ بنایاجاچکاہے اسی طرح صحت عامہ کے شعبے میں مزید بہتری لانے کے لئے صوبائی حکومت نے ہسپتالوں کے نئی عمارات کی تعمیر کے ساتھ ساتھ جدید مشینری اورادویات کی دستیابی کویقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے ہیں ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیرنے کہاکہ پاکستان میں وسائل اورذرائع آمدن کے اعتبارسے ہماراصوبہ باقی صوبوں کی نسبت کافی مشکلات کاسامنا کرنارہاہے مگر پھربھی صوبائی حکومت دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے ہرشعبے کی بہتری کے لئے نمایاں اقدامات کررہی ہے ۔