وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سے مصر کے سفیر شریف شاہین کی ملاقات

دوطرفہ تعلقات ، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

جمعرات 16 فروری 2017 13:46

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سے مصر کے سفیر شریف شاہین کی ملاقات
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 فروری2017ء) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سے پاکستان میں مصر کے سفیر شریف شاہین نے جمعرات کو ملاقات کی۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق وزیر مذہبی امور کے دفتر میں ہونے والی اس ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مصر کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان اور مصر مذہبی اور ثقافتی رشتوں سے جڑے ہیں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات برادرانہ اور مثالی ہیں تاہم ان تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لئے ملکر آگے بڑھنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مصر کی جامعہ الازہر میں پاکستان کے طلبہ کا کوٹہ 200 تک بڑھایا جائے اور طلبہ کو نجی سطح کے ساتھ ساتھ سرکاری سطح پر وزارت مذہبی امور کی طرف سے بھی بھجوانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مسئلے اور ان سے نٹمنے کے لئے دونوں ملکوں کو باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہئے۔اس موقع پر مصر کے سفیر شریف شاہین نے خیر سگالی کے جذبات کے اظہار پر وزیر مذہبی امور کا شکریہ ادا کیا اور دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے حوالے سے وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کے موقف کی تائید کی۔

متعلقہ عنوان :