500 بارودی مواد کو ناکارہ بنانے والا بی ڈی ایس کا بہادر افسر شہید عبد الرزاق

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 16 فروری 2017 13:17

500 بارودی مواد کو ناکارہ بنانے والا بی ڈی ایس کا بہادر افسر شہید عبد ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 فروری 2017ء): 13 فروری کو لاہور میں چئیرنگ کراس مال روڈ پر ہونے والے دھماکے کے بعد اسی رات کوئٹہ میں بھی بارودی مواد کو ناکارہ بنایا گیا ۔ بی ڈی ایس میں شامل کمانڈر عبد الرزاق ، جنہوں نے اپنی 23 سالہ سروس میں 500 سے زائد بارودی مواد کو ناکارہ بنایا ، بم ڈفیوز کرتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا۔ رزاق یوں تو ایک کماندر تھا لیکن اس کے جونئیر اسے اُستاد کہہ کر بلاتے تھے۔

کوئٹہ کے علاقہ سبزل روڈ پر ایڈووکیٹ امیر حمزہ کے گھر کے قریب بم کو ناکارہ بناتے ہوئے عبد الرزاق ایک پولیس اہلکار کے ہمراہ جان کی بازی ہار گیا۔ عبد الرزاق اپنے 7 بہن بھائیوں میں تیسرے نمبر پر تھا۔ عبد الرزاق کو اپنے بھانجے اور بھانجیوں سے سخت لگاؤ تھا۔  عبد الرزاق کی والدہ کا کہنا ہے کہ عبد الرزاق ایک نہایت فرمانبردار بیٹا تھا ۔

(جاری ہے)

اس نے شادی کرنے سے بھی انکار کر رکھا تھا ۔ عبد الرزاق کا کہنا تھا کہ اگر بم ڈفیوزل کے دوران کسی دن میں شہید ہو گیا تو میرے بعد میرے خاندان کا کیا ہو گا؟ عبدالرزاق کے ساتھ کام کرنے والے لوگوں اور افسران کا کہنا ہے کہ عبد الرزاق صوبائی حکومتوں اور انتظامیہ کے قوانین کے خلاف بولتا تھا۔ عبد الرزاق کی بہترین کار کردگی کے لیے حکومت نے اسے مراعات بھی دیں۔

اپنی تمام تر سروس کے دوران عبد الرزاق کی محض ایک مرتبہ ترقی کی گئی جس میں عبد الرزاق کو کانسٹیبل سے ہیڈ کانسٹیبل بنا دیا گیا۔ عبد الرزاق اپنے ماتحت لوگوں کو ٹریننگ بھی دیتا تھا۔ عبد الرزاق کے ساتھیوں کا کہنا ہے کہ جب وہ کسی جگہ نہیں پہنچ پاتا تھا تو فون پر ہی اپنے شاگردوں کو ہدایات دیا کرتا تھا۔ عبد الرزاق کو اس کی بہادری پر 2007ء میں پاکستان پولیس میڈل اور 2010ء میں قائد اعظم میڈل سے نوازا گیا۔