پاناما کیس میں تمام تر دستاویز مسلم لیگ ن نے دیں-عمران خان اور جہانگیر ترین آج ٹی وی پر مناظرہ کرلیں-دانیال عزیز

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 16 فروری 2017 13:00

پاناما کیس میں تمام تر دستاویز مسلم لیگ ن نے دیں-عمران خان اور جہانگیر ..
ا سلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔16 فروری۔2017ء) مسلم لیگ نون کے راہنمادانیال عزیز نے کہا ہے کہ پاناما کیس میں تمام تر دستاویز مسلم لیگ ن نے دیں،عمران خان چاہتے ہیں ہم خود رسی ڈال کرپھانسی پر لٹک جائیں۔مسلم لیگ(ن) کے راہنما دانیال عزیز نے سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور جہانگیر ترین کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ آج ٹی وی پر مناظرہ کرلیں ، زمانہ بدل گیا ، ہم سیسہ پلائی دیوار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے کیس آگے بڑھا ، ہمارے وکلا پرنئے سوالوں کی بھرمار ہوئی۔اگلے دن ہمارے وکلا تیاری کرکے بھرپور جواب دیتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حسین ، حسن نواز بیرون ملک روزگار کماتے ہیں ، قانون کے مطابق ان پر ٹیکس واجب نہیں ،حسن اور حسین نواز رضاکارانہ طور پر عدالت کو تفصیلات دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی دستاویز قابل سماعت نہیں ،عمران خان الیکشن کمیشن کو 2012 تک کی منی ٹریل بھی نہیں دے رہے ،آئی سی آئی جے نے آف شور کمپنی والوں پر غیرقانونی کام کا الزام نہیں لگایا۔عمران خان کے جھوٹ صاف صاف پتہ چلنا شروع ہوگئے ہیں ، عمران خان قلابازی ، یوٹرن ماسٹر ہیں۔