Live Updates

عمران خان عدالت میں لگائے گئے الزامات کے ثبوت پیش نہیں کر سکے، وہ الیکش کمیشن میں 2012 ء کے ثبوت پیش کرنے کو تیار نہیں جبکہ ہم سے 50 سالوں کا حساب لیا جارہا ہے

مسلم لیگ(ن) کے رہنما دانیال عزیز کی سپریم کورٹ میں پاناما کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو

جمعرات 16 فروری 2017 13:00

عمران خان عدالت میں لگائے گئے الزامات کے ثبوت پیش نہیں کر سکے، وہ الیکش ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 فروری2017ء) مسلم لیگ(ن) کے رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ عمران خان کی جانب سے عدالت میں پیش کیے گئے ثبوت قابل سماعت نہیں،عدالت میں جن دستاویزات پر کیس چل رہا ہے وہ مسلم لیگ (ن) نے فراہم کیے ہیں، حیسن نواز اور حسن نواز بیرون ملک کاروبار کر رہے ہیں،قانون کے تحت 6 ماہ سے زیادہ عرصہ بیرون ملک رہنے والے شخص پر ٹیکس عائد نہیں ہوتا ، عدالت میں ہر روز سوالوں کی بھرمار ہوتی ہے اور ہمارے وکیل بھرپور تیاری سے ان کا جواب دیتے ہیں۔

سپریم کورٹ میں پاناما کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جوں جوں کیس آگے بڑھ رہا ہے ہمارے اوپر سوالوں کی بھرمار کی جاتی ہے اور دوسرے دن ہمارے وکیل ان کا بھرپور تیاری سے جواب دیتے ہیں جس کے بعد اگلے دن میڈیا اور اخبار میں ان سوالات کا ذکر تک نہیں ہوتا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عدالت میں عام شہریوں کی طرح سر جھکا کر حساب دے رہی ہے۔

حسین نواز اور حسن نواز بیرون ملک کاروبار کر رہے ہیں اور قانون کے مطابق پاکستان میں ٹیکس دینا ان پر لازم نہیں تاہم اس کے باوجود وہ ہر روز عدالت میں مطلوبہ شواہد پیش کر رہے ہیں۔دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان عدالت میں اپنی جانب سے لگائے گئے الزامات کے ثبوت پیش نہیں کر سکے اور عدالت کا بھی کہنا ہے کہ ان کے پیش کردہ ثبوت قابل سماعت نہیں ہیںجبکہ عدالت میں جن دستاویزات پر سماعت ہو رہی ہے وہ مسلم لیگ (ن) نے فراہم کی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان الیکش کمیشن میں 2012 کے ثبوت پیش کرنے کو تیار نہیں جبکہ ہم سے 50 سالوں کا حساب لیا جارہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان ہر روز میڈیا پر دوسروں کی بیٹیوں کی تصاویر دکھا کر ان پر جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں اور ان کے شواہد بھی ان کے پاس نہیں ہیں ۔ دانیال عزیز نے کہا ہے کہ عمران خان ایک خاندان پر نہیں بلکہ2018 کو ہونے والے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) اور اس کے ہر کارکن کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ عزت اور ذلت دینے والی ذات اللہ تعالی کی ہے اور اس بات کا فیصلہ پاکستان کے عوام کریں گے۔ دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان کا جھوٹ عوام پر بے نقاب ہو چکا ہے اور عوام جانتے ہیں کہ وہ یو ٹرن خان کے عادی ہیں ،وہ اپنے جھوٹے الزامات پر معافی مانگنے کو بھی تیار نہیں ، ان کو اپنی کرپشن کا حساب دینا ہوگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات