حکومت نے چند ماہ نام نہاد ریلیف دینے کے بعدعوام سے سود سمیت واپسی شروع کر دی ،اپوزیشن نے پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کر دیا

ہر پندرہ روز بعد قیمتوں میں اضافے سے ثابت ہو گیا حکومت نے اپنی من مانی کیلئے اوگرا سے اختیارات چھینے ،خود مختار کیا جائے قیمتوں کو90ء کی دہائی کی سطح پر واپس لانے کے دعوے کرنیوالے 2013ء کی سطح پر ہی واپس لے آئیں ،اسمبلیوں کے اندر ‘ سڑکوں پر احتجاج کرینگے اگر قیمتوں اور ٹیکسز میں آئے روز اضافہ کر نا معیشت کی ترقی کہلاتا ہے تو عوام ایسی ترقی سے پناہ مانگتے ہیں ،اضافہ فوری واپس لیا جائے نعیم الحق، محمود الرشید ،علیم خان ،جمشید چیمہ، پرو یز الٰہی، ظہیر الدین، قمر زمان کائرہ، ندیم افضل چن، مصطفی نواز کھوکھر، خرم نوازو دیگر کا رد عمل

جمعرات 16 فروری 2017 12:25

حکومت نے چند ماہ نام نہاد ریلیف دینے کے بعدعوام سے سود سمیت واپسی شروع ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2017ء) اپوزیشن رہنمائوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ڈیڑھ ماہ کے دوران فی لیٹر 5روپے سے زائد اضافے پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے چند ماہ تک نام نہاد ریلیف دینے کے بعداب عوام سے سود سمیت واپسی شروع کر دی ہے ،ہر پندرہ روز بعد قیمتوں میں اضافے سے ثابت ہو گیا ہے کہ حکومت نے اپنی من مانی کیلئے اوگرا سے اختیارات چھینے ،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ہونے والی مہنگائی نے پسے ہوئے طبقات کیلئے جینا دوبھر کر دیا ہے ۔

تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان نعیم الحق، قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید ،وسطی پنجاب کے صدر عبد العلیم خان، سینئر رہنما جمشید اقبال چیمہ، اربن لاہور کے صدر ولید اقبال،لاہور کی نائب صدر مسرت جمشید چیمہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتوں کو90ء کی دہائی کی سطح پر واپس لانے کے دعوے کرنے والے قیمتوں کو 2013ء کی سطح پر ہی واپس لے آئیں ۔

(جاری ہے)

حکومت نے عوام کو چند ماہ جو نام نہاد ریلیف دیا اب اس کی سود سمیت واپسی شروع کر دی گئی ہے جو کسی طرح بھی قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام پر ہر پندرہ روز بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی صورت میں مہنگائی بم گرانا شروع کر دیا ہے اس کے خلاف ہر سطح پر احتجاج کریں گے۔ پی ٹی آئی کے رہنمائوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیاں ملک و قوم کیلئے تباہی کا باعث کا باعث بن رہی ہے اور اپنی عیاشیوں اور اللے تللوں کے لئے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے ۔

مسلم لیگ (ق) کے سینئر مرکزی رہنما چوہدری پرویز الٰہی، چوہدری ظہیر الدین، وقاص حسن موکل ،خدیجہ عمر نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر اپنے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے دور میں عوام ریلیف نام کی کسی چیز سے آشنا نہیں ہوئے ۔ حکمرانوںکے جانے کے دن جوں جوں قریب آرہے ہیں عوام کو مہنگائی کے بوجھ تلے دفن کیا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کو فی الفور واپس لیا جائے جبکہ پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسز کی وصولی کی شرح میں بھی کمی کی جائے۔ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ، جنرل سیکرٹری ندیم افضل چن، سیکرٹری اطلاعات مصطفی نواز کھوکھر، پارلیمانی لیڈر قاضی احمد سعید ، سردار شہاب الدین ، فائزہ ملک اور شوکت بسرا نے کہا کہ حکومت عوام پر جس طرح مظالم ڈھا رہی ہے اس سے صاف ظاہر ہے کہ اس کے جانے کے دن بہت قریب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر قیمتوں اور ٹیکسز میں آئے روز اضافہ کر نا معیشت کی ترقی کہلاتا ہے تو عوام ایسی ترقی سے پناہ مانگتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے بجٹ خسارا اور دیگر غیرضروری اخراجات کو پورا کرنے کے لئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کیا جا رہا ہے جس کی مذمت کرتے ہیں اور اس کے خلاف نہ صرف اسمبلیوں کے اندر بلکہ سڑکوں پر بھی احتجاج سے گریز نہیں کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے قیمتوں کا تعین کرنے والے ادارے سے اختیارات چھیننے کے بعد اپنی من مانی شروع کر دی ہے اور ہر پندرہ روز بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اس کا منہ بولتا ثبوت ہے،حکومت سے مطالبہ ہے کہ اوگر کو اختیار واپس کر کے اسے خود مختار کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کو واپس لے اور عوام کا مزید خون نچوڑنے سے گریز کرے۔

عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پوراور ترجمان نورا اللہ صدیقی نے اپنے بیان میں کہا کہ موجودہ حکومت نے تاریخ میں عوام پر مظالم ڈھانے کے اپنے ہی تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں ،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر ظلم ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا ۔ جے یو آئی (س) کے ترجمان مولانا عاصم مخدوم نے کہا کہ نے کہا کہ حکمرانوں نے اپنے جانے کے دن قریب آتے ہی لوٹ مار کی رفتار بھی بڑھا دی ہے ۔ حکمران سن لیں انہیں عوام سے لوٹی ہوئی ایک ایک پائی کا حساب دینا ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ موجودہ حکمران احتساب کے شکنجے میں آئیں گے تو ہی عوام کو ریلیف میسر آ سکے گا۔