حکومت ، سکیورٹی فورسز اور پوری قوم دہشتگردی کے خاتمہ کے لئے متحد ہے‘سینیٹرلیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم

جمعرات 16 فروری 2017 11:10

حکومت ، سکیورٹی فورسز اور پوری قوم دہشتگردی کے خاتمہ کے لئے متحد ہے‘سینیٹرلیفٹیننٹ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 فروری2017ء) مسلم لیگ )ن) کے سینیٹرلیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف سمیت پوری قوم کسی بھی قیمت پر دہشت گردی کو قبول نہیں کرے گی ۔ ریڈیو پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ، سکیورٹی فورسز اور پوری قوم دہشتگردی کے خاتمہ کے لئے متحد ہے اور اپنے ملک کو دہشتگردوں کے حوالے نہیںہونے دیں گے۔

انھوں نے کہا کہ پاک افواج نے پاکستان سے دشتگردوں کا نیٹ ورک، ان کے ٹھکانوں اور مواصلات کے نظام کو مکمل طور پر تباہ کردیا ہے اور افغانستان کی کمزوری کی وجہ سے دہشتگرد وہاں موجود ہیں اور سرحد پار کر کے پاکستان میں داخل ہو جاتے ہیں جس کے باعث اکا دکا واقعات رونما ہو جاتے ہیں انھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان سرحدی نظام کو مذید منظم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

جنرل عبدالقیوم نے کہا کہ پاکستان سے دہشت گردی کا 80 فیصد خاتمہ کیا جاچکا ہے اور ہماری حکومت اور سکیورٹی فورسز اس کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔ بھارتی رویے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بھارت دہشتگردی سے ایک قدم بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں وہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے اور وہ اپنے ارادوں میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوگا۔

افغانستاں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام افغان قوم سے محبت رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ لاکھوں افغان مہاجرین پاکستان میں پناہ لئے ہوئے ہیں اور پاکستان میں ہر قسم کا کاروبار بھی کر رہے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ افغانستان کو دہشتگردی کے خاتمہ کے لئے سرحدی تنازعات اور اپنے اندرونی حالات کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔